سارے دماغی نکسل نکل نکل کر باہر آ رہے ہیں ‘ وزیر اعظم مودی

,

   

اپوزیشن جماعتوں اور مخالفین پر ایک بار پھر بالواسطہ تنقید۔ دہلی یونیورسٹی کے سری رام کالج آف کامرس میں خطاب

نئی دہلی 5 ستمبر ( ایجنسیز ) وزیر اعظم نریندر مودی نے اپوزیشن جماعتوں کو ’ دماغی نکسل ‘ قرار دینے کا اعادہ کیا ۔ وزیر اعظم نے دہلی یونیورسٹی کے سری رام کالج آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے دماغی نکسل کا دوبارہ تذکرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس طرح کے نظریات کی حمایت کرتے ہیں وہ بھی اب بے نقاب ہو رہے ہیں۔ مودی نے گذشتہ ماہ لال قلعہ کی فصیل سے کی گئی اپنی تقریر کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ’’ جیسے ہی میں نے دماغی نکسل والی ہیومیوپیتھی کی گولی دی ۔ سارے دماغی نکسل نکل نکل کر باہر آنے لگے اور جو اس بیماری کو بڑھاوا دے رہے ہیں اب جنتا ان کا بھی اصلی رنگ دیکھ رہی ہے ۔ ‘‘ انہوں نے پاکستان کو بھی اپنی دھمکی کا اعادہ کیا اور کہا کہ اگر پاکستان ہندوستانی سرزمین پر دہشت گردانہ سرگرمیوں کو ہوا دیتا ہے تو ہندوستانی فورسیس اس کے گھر میں گھس کے ماریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں دہشت گردی کو ہوا دینے والے افراد کمزور ہو رہے ہیں۔ اگر پاکستان کوئی حماقت کرتا ہے تو ہندوستان کی مسلح افواج ان کے گھر میں گھس کر حملے کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان میں امن پھیل رہا ہے ۔ جموںو کشمیر سے شمال مشرق تک امن کا ماحول ہے ۔ ماؤیسٹ دہشت گردی اور نکسل ازم کی کمر توڑ دی گئی ہے ۔ آج دنیا ہندوستان کے تیز رفتار پالیسی فیصلے دیکھ رہی ہے جبکہ وہ ماضی میں پالیسی سازی کا عمل مفلوج ہوجانے کی شکایت کرتی تھی ۔ وزیر اعظم نے سری رام کالج آف کامرس کے موجودہ طلباء ‘ فیکٹلی ارکان اور سابقہ طلباء کو صدی تقاریب پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے مودی نے ادارہ کی شاندار تعلیمی روایات کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ سری رام کالج آف کامرس نے کئی نسلوں کو تیار کیا ہے اور ان کے مستقبل کو تابناک بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا موقع نہ صرف سری رام کالج آف کامرس کیلئے بہت اہمیت کی حامل ہے بلکہ ملک کے تعلیمی شعبہ کیلئے بھی اہم ہے ۔ کئی نسلوں نے اس کالج سے تعلیم حاصل کی ہے ۔ وہ صدی تقاریب کے موقع پر کالج کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔