سال نو کا جشن و پارٹی ، آرگنائزرس کے خلاف مقدمہ

   

ایونٹ کو اجازت نہیں، سائبرآباد پولیس کا سخت موقف
حیدرآباد /27 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) سال نو کے موقع پر جشن اور منعقد ہونے والی پارٹی کے تعلق سے سائبرآباد پولیس نے اپنے قطعی موقف کو ظاہر کردیا ہے ۔ اور سن برن کے نام سے منعقد ہونے والے بڑے جشن اور پارٹی کے آرگنائزر کو قانونی دائرے میں لے لیا ہے ۔ سن برن کے آرگنائزر کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور بتایا کہ اس ایونٹ کیلئے پولیس کی جانب سے کوئی اجازت نہیں دی گئی ۔ ان دنوں سن برن ایونٹ کیلئے آن لائن بک مائی شو کے ذریعہ ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے اور اس سلسلہ میں تنقیدوں کا سامنا کر رہی ہے ۔ سائبرآباد پولیس نے کہا کہ ایونٹ کیلئے اجازت نہیں دی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس مادھاپور زون نرسمہا ریڈی نے کہا کہ ایونٹ کیلئے اجازت حاصل کرنے درخواست داخل کی گئی تھی لیکن پولیس کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ ایونٹ آرگنائزرس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور دیگر ذمہ داروں کو نوٹس جاری کی جارہی ہے ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ پولیس مادھاپور نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایونٹ کی اجازت آرگنائزرس کے سابقہ ریکارڈ اور ایونٹ کے مقام کی جانچ کے بعد دی جاتی ہے ۔ پولیس کی جانب سے باضابطہ مقام کا معائنہ کرنے کے بعد فیصلہ لیا جاتا ہے لیکن سن برن کے معاملہ میں اجازت ہی نہیں دی گئی ۔ اس کے باوجود آن لائن ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے ۔ انہوں نے دیگر آرگنائزرس کو ایسی کسی بھی حرکت کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا انتباہ دیا۔ ع