محکمہ جات سے رپورٹ طلب، 4 سینئر آئی اے ایس عہدیدار اور پانچ دیگر عہدیدار شامل
حیدرآباد۔/17ڈسمبر، ( سیاست نیوز) نظم و نسق کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے اعلیٰ عہدیداروں کے انتخاب میں مصروف چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تمام سرکاری محکمہ جات سے ایسے عہدیداروں کی رپورٹ طلب کی ہے جن کی خدمات میں سبکدوشی کے بعد توسیع دی گئی یا پھر جن کا دوبارہ تقرر کرتے ہوئے اہم عہدوں پر فائز کیا گیا۔ سرکاری مشیروں اور 54 کارپوریشنوں کے صدور نشین کی برخواستگی کے بعد چیف منسٹر نے ریٹائرڈ عہدیداروں پر توجہ مرکوز کی ہے جو کے سی آر حکومت کی مہربانی سے اہم عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے دفتر کو ایسے عہدیداروں کی تفصیلات روانہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریباً 5 آئی اے ایس عہدیدار اور 6 ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس کے علاوہ 10 سے زائد دیگر عہدیدار مختلف محکمہ جات میں ریٹائرمنٹ کے باوجود خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ عہدیداروں کی خدمات سے موجودہ عہدیداروں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ ریونت ریڈی نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی اہم عہدہ پر ریٹائرڈ شخص کو جن کا سابق حکومت نے تقرر کیا تھا برقرار نہیں رکھا جائے گا۔ محکمہ جات سے رپورٹ ملنے کے بعد ریٹائرڈ عہدیداروں کی برخواستگی کے احکامات جاری کئے جاسکتے ہیں۔ جن سینئر آئی اے ایس عہدیداروں کا دوبارہ تقرر کیا گیا ان میں آدر سنہا ، رانی کمودنی، وی انیل کمار اور سید عمر جلیل شامل ہیں۔ آدر سنہا کو وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد اسپیشل چیف سکریٹری انیمل ہسبینڈری مقرر کیا گیا جبکہ رانی کمودنی کو جولائی میں سبکدوشی کے بعد اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ لیبر مقرر کیا گیا۔ سیول سپلائیز اور انڈومنٹ کمشنر وی انیل کمار جو تین سال قبل ریٹائر ہوئے انہیں اہم عہدوں کی ذمہ داری دی گئی۔ سابق ضلع کلکٹر وقارآباد اور سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل کو جولائی میں سکریٹری اقلیتی بہبود اور کمشنر اقلیتی بہبود مقرر کیا گیا جبکہ ستمبر 2022 میں وہ ریٹائر ہوئے تھے۔ کئی عہدیدار جو ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں انہیں سبکدوشی کے باوجود برقرار رکھا گیا ہے جن میں سی مرلیدھر انجینئر انچیف آبپاشی شامل ہیں۔ آئی گنپتی ریڈی کو آر اینڈ بی ڈپارٹمنٹ میں دو سال کی توسیع دی گئی۔ جی کروپاکر ریڈی کو انجینئر انچیف مشن بھگیرتا کے عہدہ پر دو مرتبہ توسیع دی گئی۔ راج مولی کو ڈائرکٹر انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشن کے طور پر دوبارہ تقرر کیا گیا۔ چیرمین یادادری ڈیولپمنٹ اتھاریٹی پر ریٹائرڈ عہدیدار جی کشن راؤ کو منیجنگ ڈائرکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ ریونت ریڈی بی آر ایس دور حکومت کے عہدیداروں کی تفصیلات حاصل کررہے ہیں تاکہ نئے اور قابل عہدیداروں کو اہم ذمہ داریاں دی جاسکیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف سکریٹری شانتی کماری کو ہدایت دی گئی کہ وہ محکمہ جات اور ان کیلئے موزوں عہدیداروں کے نام پیش کریں۔