ضیاء گوڑہ ایم سی ایچ کالونی میں واقعہ ۔ پولیس نے دو مقدمات درج کرلئے
حیدرآباد : 17جولائی ( سیاست نیوز) ضیاء گوڑہ ایم سی ایچ کالونی میں کل رات ہجومی تشدد میں ایک شخص کا قتل کردیا گیا ۔ کمسن لڑکی کی مبینہ دست درازی پر مقامی عوام نے 50سالہ عبدالعزیز کو شدید زدوکوب کر کے ہلاک کردیا ۔ کلثوم پورہ پولیس حدود میں ڈبل بیڈروم ہاؤسنگ فلیٹ جو ایم سی ایچ کالونی میں واقع ہے ، وہاں کا مقیم عبدالعزیز نے اُسی ہاؤزنگ سوسائٹی کی ساکن 9سالہ لڑکی سے غلط حرکت کی اور یہ منظر سی سی ٹی وی میں قید ہوا ۔ کمسن لڑکی کے ماں باپ اور رشتہ داروں نے عبدالعزیز کی اس حرکت کو سی سی ٹی وی میں دیکھا اور برہمی کے حالت میں اُس کی پٹائی شروع کردی ۔ اس واقعہ کا پتہ چلنے پر ہاؤزنگ سوسائٹی میں مقیم دیگر افراد بھی عبدالعزیز پر لاٹھیوں سے حملہ کر کے اُسی شدید زخمی کردیا ۔ بعد ازاں کلثوم پورہ پولیس کو اطلاع دی گئی جس پر پولیس نے عبدالعزیز کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ جہاں پر اس کی طبعیت مزید بگڑ گئی ۔ زخمی کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج فوت ہوگیا ۔ اس پر ضیاء گوڑہ ایم سی ایچ کالونی میں کشیدگی پھیل گئی اور کلثوم پورہ پولیس نے فورس کو تعینات کردیا ۔ نعش کے پوسٹ مارٹم کے بعد اُسے ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق اس واقعہ کے متعلق دو علحدہ مقدمات درج کئے گئے جس میں پہلا مقدمہ عبدالعزیز کے خلاف پوکسو ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ۔ ہجومی تشدد میں عبدالعزیز کا قتل کرنے پر ایک قتل کا مقدمہ بھی درج کیا گیا اور اس کی تحقیقات کی جارہی ہے ہے ۔ انسپکٹر کلثوم پورہ پولیس اسٹیشن اے راملو نے بتایا کہ متوفی پر حملہ کرنے والوں کی نشاندہی کرلی گئی اور انہیں جلد گرفتار کیا جائے گا ۔ بk/b/