حیدرآباد اور تمام اضلاع میں کوچنگ، مشیر حکومت اے کے خاں کا طلبہ سے خطاب
حیدرآباد۔/8 مئی، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے سرکاری ملازمتوں میں تقررات کیلئے اقلیتی امیدواروں کو ریاست بھر میں کوچنگ کا آغاز کیا گیا ہے۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں نے اردو مسکن میں کوچنگ میں حصہ لینے والے امیدواروں سے ملاقات کی اور خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہد مسلسل اور مکمل توجہ کے ذریعہ ہی کوچنگ میں بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ 80 ہزار سرکاری جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں کوچنگ سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور محنت و لگن کا مظاہرہ کرتے ہوئے گروپ 1 ، II ، III ، IV کے علاوہ محکمہ پولیس کے تقررات کے سلسلہ میں تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ میناریٹیز اسٹڈی سرکل کے زیر اہتمام ریاست کے تمام اضلاع میں کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اے کے خاں نے خاندانوں میں سرکاری ملازمت کی اہمیت کو اجاگر کیا اور امیدواروں سے کہا کہ وہ اس موقع سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے سرپرستوں کی امیدوں پر پورا اُترنے کیلئے نوجوانوں کو سخت محنت کرنی چاہیئے۔ اے کے خاں نے بتایا کہ کوچنگ کے دوران ٹسٹ منعقد کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اعلیٰ عہدیدار اور مختلف امتحانات کے ٹاپرس کے ذریعہ رہنمائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میناریٹیز اسٹڈی سرکل سے دیگر امتحانات کیلئے بھی کوچنگ دی جارہی ہے۔ کوچنگ کے خواہشمند طلبہ اپنے ضلع میں متعلقہ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔ر