سری نگر میں نریندر مودی کی زندگی پر فوٹو نمائش کا اہتمام

   

سری نگر: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جموں وکشمیر یونٹ نے آج یہاں ہری سنگھ ہائی سٹریٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کی زندگی پر ایک فوٹو نمائش کا اہتمام کیا۔اس موقع پر بی جے پی کے تنظیمی جنرل سکریٹری اشوک کول نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے یہاں بازار میں وزیر اعظم نریندر مودی کی زندگی پر فوٹو نمائش کا اہتمام کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں مودی جی کے بچپن، جوانی کے بارے میں دکھایا جائے گا اور سال2002 میں گجرات کے وزیر اعلیٰ بننے اور سال2014 سے ملک کے وزیر اعظم بننے کے بعد ان کے کام کو دکھایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ضلع صدر اشوک بٹ اور جانباز لیڈر آصف خان نے اس نمائش کے انعقاد کے لئے کافی محنت کی۔موصوف جنرل سکریٹری نے کہا کہ یہ نمائش دن بھر جاری رہے گی اور اس کو دیکھنے سے لوگوں کو مودی جی کی شخصیت اور کام کرنے کے ڈھنگ کو سمجھنے کا موقعہ ملے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی نمائش کا اہتمام جگہ جگہ کیا جائے گا۔