ریاض ؍ واشنگٹن ۔ 29 ستمبر (ایجنسیز) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے دارالحکومت واشنگٹن میں اپنے امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے ملاقات کی ہے۔ فریقین نے اہم ترین علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت، خاص طور پر خطہ میں سکیورٹی اور سیاسی صورتحال، یمن کے حالات اور اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران بین الاقوامی آبی راستوں، بالخصوص آبنائے ہرمز اور باب المندب، میں جہاز رانی کے امن اور آزادانہ نقل و حرکت کے تحفظ کی اہمیت پر غور کیا گیا تاکہ خطہ کے استحکام اور عالمی تجارت و سپلائی چینز کی روانی کے تسلسل میں مدد مل سکے۔ملاقات کے دوران سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان سٹریٹجک تعلقات اور دوست ملکوں کے مشترکہ مفادات کے حصول کیلئے مختلف شعبوں میں ان کو فروغ دینے اور مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر مملکت اور امریکہ کے درمیان ہم آہنگی اور مشاورت جاری رکھنے اور علاقائی بحرانوں سے نمٹنے اور سکیورٹی، امن و استحکام کو فروغ دینے کیلئے سفارتی کوششوں کی حمایت کی اہمیت پر زور دیا۔