ریاض ۔ 28 نومبر (ایجنسیز) سعودی عرب نے ہفتہ کے روز کہا کہ اس نے دارالحکومت ریاض کو نشانہ بنانے کے لیے داغا گیا ایک کروز میزائل مار گرایا ہے۔ اس سے قبل حوثی میڈیا نے یمن پر سعودی حملوں کی اطلاع دی تھی۔ سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ فضائی دفاعی نظام نے حوثی دہشت گرد ملیشیا کی جانب سے ریاض کے علاقہ کی طرف داغے گئے ایک کروز میزائل کو تباہ کر دیا۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت پر ہوئی ہے، جب حوثیوں کی خبر رساں ایجنسی سبا نے یمن کے دارالحکومت صنعاء پر سعودی حملے کی اطلاع دی۔ صنعاء حوثی جنگجوؤں کے زیر کنٹرول ہے۔ سبا نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ سعودی دشمن افواج کی جانب سے صنعاء کے ضلع التحریر میں بئر ابو شملہ کے رہائشی علاقہ کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں8 مکانات اور تین دکانوں کو نقصان پہنچا۔ حوثیوں کے میڈیا ادارہ المسیرہ کے مطابق اس حملے میں 13 افراد زخمی ہوئے۔ یمن میں خانہ جنگی دوبارہ بھڑک اٹھنے کے بعد سے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت کرنے والا سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں پر باقاعدگی سے بمباری کر رہا ہے۔ اس کے جواب میں حوثی جنگجو تقریباً روزانہ سعودی عرب کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان میں توانائی کی تنصیبات، ہوائی اڈوں اور ریاض کے مالیاتی مراکز پر حملے شامل ہیں۔