بالی۔ اولمپک میڈلسٹ ہندوستان کی پی وی سندھو اتوارکو جنوبی کوریا کی این سیانگ کے خلاف ورلڈ ٹور فائنلز کا خطاب ہار گئیں۔سندھو کو محض 39 منٹ میں سیانگ نے 21-16، 21-12 سے شکست دے کر خطاب جیت لیا۔ کوریا کی نوجوان کھلاڑی یہ خطاب جیتنے والی پہلی کوریائی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ اس جیت کے ساتھ سیانگ نے دفاعی عالمی چمپئن سندھو کے خلاف اپنے کیریئر کا ریکارڈ 3-0 تک پہنچا دیا۔ سیانگ کے لیے بالی میں تین ہفتے یادگار رہے ہیں۔ وہ بالی میں تین ہفتوں میں تین خطاب جیت چکی ہیں۔19 سالہ سیانگ نے اس سے قبل انڈونیشیا ماسٹرز اور انڈونیشیا اوپن خطاب جیتے ہیں ۔26 سالہ سندھو تیسری مرتبہ اس ٹورنمنٹ کے فائنل میں کھیلنے اتریں لیکن وہ2018 میں یہاں جیتے ہوئے اپنے خطاب کا دفاع نہیں کرسکیں۔ سندھو نے اس سے قبل جاپان کی اکانے یاماگوچی کو سیمی فائنل میں تین گیمز کی جدوجہد میں شکست دی تھی لیکن اس فارم کو وہ فائنل میں دہرانے میں ناکام رہی۔