نئی دہلی۔ دو بار کی اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو نے کامیابی حاصل کی جب کہ سابق فاتح سائنا نہوال انڈیا اوپن بیڈمنٹن چمپئن شپ سے باہر ہو گئیں اور سات کھلاڑیوں کو کورونا سے متاثر ہونے کے بعد ایونٹ سے دستبردار ہونا پڑا ہے۔ مردوں کے سنگلز کے ٹاپ سیڈ کدامبی سری کانت کو منگل کے روز منعقدہ آر ٹی پی سی آر ٹسٹ میں مثبت نتیجہ آنے کے بعد چھ دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ دستبردار ہونے پر مجبور کیا گیا۔کورونا بحران کی صورت حال کے دوران سندھو نے کوارٹر فائنل میں پہنچ کر مقامی امیدوں کو زندہ رکھا۔ ہندوستان کے لیے اس وقت زیادہ جھٹکا لگا جب خواتین کی چوتھی سیڈ سائنا نہوال کو ہم وطن مالویکا بنسوڈ نے راست گیمز میں شکست دی۔ 26 سالہ ورلڈ نمبر 7 سندھو نے ابتدائی رکاوٹوں کے بعد دونوں گیمز کی ذمہ داری سنبھالتے ہوئے صرف 30 منٹ میں ایرا شرما کو 21-10، 21-10 سے شکست دی۔ حیدرآباد ی شٹلر جس نے 2016 میں ریو ڈی جنیرو اولمپکس میں سلور میڈل جیتا تھا اور اس کے بعد ستمبر 2021 میں ٹوکیو گیمز میں برونز میڈل حاصل کیا تھا، پہلے گیم میں 7-7 سے خسارہ میں رہنے کے بعد 12-7 کی برتری حاصل کی۔ اس نے لگاتار پانچ مزید پوائنٹس حاصل کر کے اپنا سکور 17 تک پہنچا دیا اور گیم 21-10 سے جیت لی۔ سندھو نے دوسرے گیم میں 10-1 کی برتری حاصل کرتے ہوئے میچ آسانی سے جیت کر ہم وطن اشمیتا چلہا کے ساتھ آخری آٹھ کا ٹکراؤ قائم کیا، جس نے جمعرات کو دوسرے راؤنڈ میں فرانس کی ییل ہویاکس کو 21-17، 21-14 سے شکست دی۔ اشمیتا نے انڈیا اوپن میں ابتدائی راؤنڈ میں روس کی پانچویں سیڈ ایوگینیوا کوسیٹسکایا کو شکست دے کر اپنی مہم کا آغاز کیا تھا۔ دوسری جانب سائنا جو 2021 کے سیزن کے اختتام تک کچھ ایونٹس سے محروم رہنے کے بعد سرکٹ میں واپسی کر رہی ہے، جمعرات کو مالاویکا کے خلاف سخت مشکل کا سامنا کرنا پڑا اور دوسرے راؤنڈکے مقابلے میں 21-17، 21-9 سے ہار گئی۔