سندھ آبی معاہدہ دہشت گردی کے خاتمہ تک معطل رہے گا

   

وزیر خارجہ ایس جے شنکرکا پاکستان کو دوٹوک جواب

نئی دہلی ۔15؍مئی(یو این آئی)ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے بعد ایسا خیال کیا جا رہا تھا کہ ہندوستان ’سندھ آبی معاہدہ‘ کی معطلی ختم کر دے گا لیکن ایسے آثار اب بالکل بھی دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ جمعرات 15 مئی کو ہندوستانی وزیر خارجہ نے اس معاہدہ پر ایک انتہائی اہم بیان دیا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ آبی معاہدہ معطل ہے اور اس وقت تک معطل رہے گا جب تک پاکستان دہشت گردی کو مضبوطی کے ساتھ روک نہیں دیتا۔ کشمیر پر بات کرنے کیلئے صرف ایک چیز رہ گئی ہے اور وہ ہے مقبوضہ کشمیر کو خالی کرنا۔ایس جے شنکر کے مطابق ہمیں یقینی طور پر بین الاقوامی حمایت حاصل ہوئی ہے۔ ہمارے پاس اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظوری تھی کہ مجرموں کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔ 7 مئی کو انہیں ’آپریشن سندور‘ کے ذریعہ جواب دہ ٹھہرایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات اور معاملات مکمل طور سے دو فریقی ہوں گے۔ اس پر برسوں سے قومی اتفاق ہے اور اس میں بالکل بھی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ بات چیت صرف دہشت گردی پر ہوگی۔ پاکستان کے پاس دہشت گردوں کی ایک فہرست ہے جسے حوالے کرنے کی ضرورت ہے اور ساتھ ہی انہیں دہشتگردوں کے بنیادی ڈھانچے کو بھی بند کرنا ہوگا۔ہند و پاک کے درمیان فوجی کارروائی بند کرنے پر وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے دہشت گردوں کے ڈھانچے کو تباہ کر کے اپنے مقرر کردہ ہدف حاصل کر لیے گئے ہیںکیونکہ آپریشن کی شروعات میں ہی ہم نے پاکستان کو یہ پیغام دے دیا تھا کہ ہم دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کر رہے ہیں۔