سنٹرل گرودوارا صاحب گولی گوڑہ کی صد سالہ تقاریب

   

نمائش میدان پر وشال دیوان کا اہتمام، ملک کے مختلف علاقوں سے سکھ مذہبی شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد۔ 20 ستمبر (سیاست نیوز) سنٹرل گوردوارا صاحب گولی گوڑہ کی صدی تقاریب کے ضمن میں نمائش میدان پر مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ ہزاروں کی تعداد میں سکھ یاتریوں کے علاوہ دیگر طبقات کے نمائندوں نے شرکت کی۔ گولی گوڑہ گرودوارا صاحب کا 1926 میں قیام عمل میں آیا جس کے ذریعہ انسانیت، بھائی چارہ اور مساوات کا پیام عام کیا گیا ہے۔ پربندھک کمیٹی نے تلنگانہ کے دیگر گرودواروں کے اشتراک سے وشال دیوان کا اہتمام کیا جس میں گروگرنتھ صاحب کا پیام سنایا گیا۔ سکھ مذہب کی کئی اہم شخصیتوں نے وشال دیوان میں شرکت کی جن میں سنگھ صاحب، سنت بابا، پلونت سنگھ، جتھیدار تخت سچ گھنڈ ناندیڑ، حضور سنگھ، سنت بابا بلویندر سنگھ اور دوسرے شامل ہیں۔ دہلی سے گرودوارا مینیجمنٹ کمیٹی کے صدر ہرمیت سنگھ کالکا بھی بطور خاص شریک ہوئے۔ اس موقع پر گربانی کیرتن اور کتھاس کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے راگی جتھاس نے شرکت کی۔ صد سالہ تقاریب کے تحت گرو کا لنگر کا اہتمام کیاگیا۔ سنٹرل گرودوارا صاحب گولی گوڑہ پربندھنک کمیٹی کے صدر ترلوک سنگھ نے کہا کہ صد سالہ تقاریب کے ذریعہ انسانیت اور روحانی اقدار کا پیام دیا گیا ہے۔ گرودوارا کے تحت مختلف فلاحی کام انجام دیئے جاتے ہیں۔ 1؍F