جے پور : راجستھان میں ضلع چورو کے سوجن گڑھ صدر تھانہ علاقے میں اتوار کی صبح پولس کی گاڑی ٹرالی سے ٹکرا جانے سے چھ پولس اہلکاروں کی موت ہو گئی جبکہ ایک پولس اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔پولس ذرائع کے مطابق جھنجھنو میں ڈیوٹی پر جا نے والے سات پولیس اہلکاروں کی کار علاقے میں ہائی وے پر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں پانچ پولس اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے ۔حادثے میں ضلع ناگور کے کھنوسار تھانے کے پولیس اہلکار رام چندر، کمبھرام، تھانارام، لکشمن سنگھ اور سریش کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ شدید زخمی ہیڈ کانسٹیبل سکھرام اور کانسٹیبل سکھرام کو ناگور کے جے ایل این اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ بعد ازاں دونوں زخمیوں کو گرین کوریڈور کے ذریعے جودھپور کے ایم ڈی ایم اسپتال لے جایا گیا لیکن راستے میں ہی کانسٹیبل سکھرام کی موت ہوگئی جبکہ ہیڈ کانسٹیبل سکھرام کا علاج جاری ہے ۔ڈی جی پی امیش مشرا نے آئی جی کو زخم پولس اہلکار کے مناسب علاج کا بندوبست کرنے کی ہدایت دی اور جودھپور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نریندر دیما ایم ڈی ایم اسپتال پہنچ گئے ہیں۔