سیاست میں داخلہ کیلئے دولت نہیں عوام کی خدمت ضروری: ریونت ریڈی

   

دو لاکھ سرکاری جائیدادوں پر تقررات، شعبہ تعلیم کی ترقی اولین ترجیح ، تعلیمی اداروں کے گریجویشن ڈے تقریب سے خطاب
حیدرآباد ۔22۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ سیاست میں داخلے کیلئے دولتمند ہونے کا رجحان ترک کرتے ہوئے قائدین کو عوام کی خدمت کا جذبہ پیدا کرنا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ضروری نہیں ہے کہ صرف دولت کے ذریعہ سیاست میں کامیابی حاصل کی جائے۔ موجودہ دور میں یہ رجحان عام ہوچکا ہے کہ اگر دولت ہو تبھی سیاست میں شامل ہونا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے آنجہانی جی وینکٹ سوامی کا حوالہ دیا جنہوں نے طویل عرصہ تک عوام کی خدمت کے ذریعہ مقبولیت حاصل کی ۔ چیف منسٹر آج ڈاکٹر بی آر امبیڈکر ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹس میں گریجویشن ڈے تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ سابق مرکزی وزیر آنجہانی جی وینکٹ سوامی کے افراد خاندان یہ تعلیمی ادارے چلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں اسکیم کے تحت الاٹ کئے گئے مکان میں قیام کرنے والے عام آدمی نے رکن اسمبلی منتخب ہوتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ صرف دولت سے سیاست میں کامیابی ممکن نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی نے اندراماں ہاؤزنگ کے مکان میں قیام پذیر شخص کو رکن اسمبلی منتخب کرتے ہوئے اعزاز بخشا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے نتیجہ میں کامیابی ممکن ہے اور عوام کا آشیرواد حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے آشیرواد اور بیروزگار نوجوانوں کی جدوجہد کے نتیجہ میں کانگریس تلنگانہ میں برسر اقتدار آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار کروڑ تلنگانہ عوام کی تائید سے وہ چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہوئے ہیں۔ اس عہدہ کیلئے کئی دعویدار موجود تھے لیکن سونیا گاندھی نے مجھے یہ موقع دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وینکٹ سوامی کے فرزندان جی ویویک اور جی ونود کو دیکھنے پر انہیں رامائن کے لو اور کش کی یاد آتی ہے۔ دونوں بھائی دولت کمانے سے زیادہ عوام پر خرچ کرتے ہوئے سماجی خدمات انجام دینے میں یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے آنجہانی وینکٹ سوامی کی برسی کے موقع پر گریجویشن ڈے کے انعقاد پر تعلیمی اداروں کے انتظامیہ کی ستائش کی ۔ گزشتہ 50 برسوں میں ہزاروں طلبہ اداروں سے فارغ ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آنجہانی وینکٹ سوامی نے ملک کی تعمیر میں اہم رول ادا کیا اور ان کے افراد خاندان ملک کیلئے ذمہ دار شہریوں کو تیار کر رہے ہیں۔ تلنگانہ کی جدوجہد میں وینکٹ سوامی خاندان نے سرگرم رول ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں کانگریس آفس کے نام کو آنجہانی وینکٹ سوامی سے موسوم کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تعلیمی اداروں کے طلبہ آگے چل کر ملک اور سماج کی خدمت کریں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں شعبہ تعلیم کی ترقی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں دو لاکھ سرکاری جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت نوجوانوں سے کئے گئے وعدے کی تکمیل کرے گی۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ بہتر تعلیم کے ذریعہ خود کو روزگار کا اہل بنائے۔ ریونت ریڈی نے آنجہانی وینکٹ سوامی کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی ۔ اس موقع پر ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، سریدھر بابو ، ارکان اسمبلی جی ویویک ، جی ونود اور دوسرے موجود تھے۔ر