سیکوریٹی اہلکاروں، شہریوں پر حملہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی

   

امپھال: منی پور کے وزیر اعلیٰ این۔ بیرن سنگھ نے منگل کو کہا کہ ریاستی حکومت سیکورٹی اہلکاروں اور عام شہریوں پر حملہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ سنگھ نے زور دے کر کہا کہ حکومت ایسی دھمکیوں اور دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گی اور اس طرح کی انتہا پسندانہ سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرے گی۔ انہوں نے قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے والے کے خلاف سخت کارروائی کے اپنے موقف کا اعادہ کیا اور کہا کہ حکومت خاموش نہیں رہے گی اور سخت کارروائی کرے گی۔وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریاست کے دشمنوں کو پہچانیں اور متحد ہو کر ان کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں اور ان سے کہا کہ وہ متعلقہ حکام کو مطلع کریں یا اگر انہیں کوئی مشکوک چیز نظر آئے تو شکایت درج کریں تاکہ ضروری کارروائی کی جاسکے ۔واضح رہے کہ نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی ریاست میں تشدد پھوٹ پڑا اور ضلع تھوبل میں نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں چار شہری ہلاک ہو گئے ۔ منی پور پولیس اور بی ایس ایف کے جوانوں پر سرحدی قصبہ مورہ میں حملہ کیا گیا۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران تینگنوپال ضلع کے مورہ میں مشتبہ کوکی عسکریت پسندوں کے حملے میں منی پور پولیس کے سات اہلکار اور ایک بی ایس ایف جوان زخمی ہو گئے ۔ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری ہیں اور اضافی دستے بھی بھیجے گئے ہیں۔