مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کی شکست کی اصل وجہ ایس آئی آر اور مسلم رائے دہندوں کا استحصال : اسد اویسی
حیدرآباد۔7۔ مئی ۔(سیاست نیوز) ملک میں سیکولر سیاسی جماعتیں بھارتیہ جنتا پارٹی کو اقتدار میں آنے سے روکنے میں ناکام ہونے لگی ہیں۔ مسلمانوں کی اپنی آزادانہ سیاسی پارٹی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کی شکست پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یہ بات کہی۔مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو اقتدار پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر مجلس نے کہا کہ عوام کے فیصلہ کا احترام کیا جانا چاہئے کیونکہ ملک بھر میں نام نہاد سیکولر سیاسی جماعتیں بی جے پی کو روکنے میں ناکام ہونے لگی ہیں۔ انہو ںنے دعویٰ کیا کہ مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کی شکست کی وجہ S.I.Rہے ۔ علاوہ ازیں مسلم رائے دہندوں کے استحصال کی وجہ سے انہیں شکست کا سامنا کرناپڑا۔ بیرسٹراسدالدین اویسی رکن پارلیمنٹ وصدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے کہا کہ سیکولر سیاسی جماعتیں بھارتیہ جنتا پارٹی کو اقتدار حاصل کرنے سے روکنے میں ناکام ہونے لگی ہیں اسی لئے اب وقت کی اہم ضرورت ہے کہ مسلمان اپنی سیاسی جماعت و اتحاد کو تیار کرتے ہوئے مستحکم کریں تاکہ ان کی مضبوط آواز ایوانوں میں باقی رہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بیشتر سیکولر سیاسی جماعتیںاکثریتی رائے دہندوں کی فکری حالت کو محسوس کرتے ہوئے ’نرم ہندوتوا‘ اختیار کرنے لگی ہیں۔ صدر مجلس نے شردپوار کی این سی پی ‘ ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا‘ عام آدمی پارٹی اور ترنمول کانگریس کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ دہلی ‘ مہاراشٹرا‘ مغربی بنگال میں ان نام نہاد سیکولر سیاسی جماعتوں کا ’نرم ہندوتوا‘ کا تجربہ بھی ناکام ہوچکا ہے ۔اسدالدین اویسی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ موجودہ حالات میں مسلم رائے دہندوں کو متحدہ طور پر اپنے پلیٹ فارم اور سیاسی جماعت کے ذریعہ آواز کو مستحکم کرنے کے اقدامات کرنے چاہئے تاکہ ان کی آواز برقرار رہ سکے۔انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس کی مغربی بنگال میں شکست کی کئی وجوہات ہیں جن میں ایک S.I.Rبھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں مسلم رائے دہندوں کا استحصال ہوتا رہا اور انہیں ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا اگر ترنمول کانگریس مغربی بنگال میں موجود مسلمانوں کو دیگر شہریوں کے طرح دیکھتی تو ایسی صورت میں مسلمان بھی ترقی یافتہ ہوتے اور ان کی حالت ابتر نہ ہوتی۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ مغربی بنگال میں حکومت کے خلاف لہر کے علاوہ بدعنوانیوں کے سبب بھی عوام میں شدید ناراضگی پائی جارہی تھی اسی لئے مغربی بنگال میں عوام نے ترنمول کانگریس کو اقتدار سے بے دخل کردیا۔3