نئی دہلی: سپریم کورٹ نے آج عام آدمی پارٹی (عآپ) لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کی ضمانت کی عرضی کو منظور کر لیا۔ سنجے سنگھ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے گزشتہ اکتوبر میں گرفتار کیا تھا۔ سنگھ کو ای ڈی نے دہلی حکومت کی متنازعہ ایکسائز پالیسی میں مبینہ گھوٹالے سے متعلق منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا ۔ ای ڈی نے آج عدالت میں آپ کے لیڈر کی ضمانت کی عرضی کی مخالفت نہیں کی۔ای ڈی نے عدالت سے کہا کہ اسے ملزم کو ضمانت دینے پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ سنگھ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے عدالت نے کہا کہ وہ کیس کی میرٹ پر تبصرہ نہیں کر رہی ہے ۔جسٹس سنجیو کھنہ، دیپانکر دتا اور پی بی ورالے پر مشتمل بنچ نے یہ بھی کہا کہ سنگھ کو ضمانت پر رہائی کے دوران سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی آزادی ہوگی لیکن وہ اس کیس کی تحقیقات پر کوئی عوامی بیان نہیں دیں گے ۔عدالت نے کہا کہ اس کے آج کے حکم کو نظیر نہ سمجھا جائے ۔اس معاملے میں صبح کے سیشن میں بنچ نے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو سے کہا تھا کہ وہ ہدایات لیں اور بتائیں کہ کیا سنگھ کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں رکھنے کی کوئی ضرورت ہے ؟ اگر کوئی اور ہدایات نہیں ملتی ہیں تو وہ میرٹ پر کیس پر بحث کریں اور عدالت اسی بنیاد پر فیصلہ کرے گی۔جب بنچ نے دوپہر 2 بجے دوبارہ سماعت شروع کی تو راجو نے عدالت سے کہا کہ میرٹ میں گئے بغیر وہ ضمانت کے معاملے میں رعایت دیں گے ۔قبل ازیں سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے سنگھ کی طرف سے دلائل پیش کئے ۔ سنگھوی نے اپنی دلیل میں کہا تھا کہ اس معاملے میں کوئی ریکوری (رقم کی ) نہیں ہوئی ہے اور نہ اس کا کوئی ثبوت ہے ۔ای ڈی نے سنجے سنگھ کو 4 اکتوبر کو دہلی میں ان کے گھر کی تلاشی کے بعد گرفتار کیا تھا۔