شمالی کوریا کا میزائل داغنا وحشیانہ کارروائی : جاپان

   

ٹوکیو : میزائل فائر کرنے پر جاپانی حکام نے شمالی علاقے ہوکائیڈو اور اوموری کے رہائشیوں سے محفوظ مقامات پر پناہ لینے کو کہا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ میزائل بحرالکاہل میں گرا، جس کی ٹوکیو اور سیول نے شدید مذمت کی ہے۔جاپانی دارالحکومت ٹوکیو اور سیول میں حکام نے بتایا ہے کہ شمالی کوریا نے منگل کے روز جاپان پر درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا ایک مشتبہ بیلسٹک میزائل فائر کر دیا۔ گرچہ یہ میزائل لانچ ممکنہ طور پر ایک تجربہ تھا۔لیکن منگل کی صبح سویرے جاپان میں حکام نے ہوکائیڈو اور اوموری جیسے شمالی علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے احتیاطی طور پر محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ جاپانی حکومت نے اپنے جے۔الرٹ سسٹم کی ایک غیر معمولی سرگرمی کے تحت کہا، ”ایسا لگتا ہے کہ شمالی کوریا نے ایک میزائل لانچ کیا ہے۔ براہ کرم عمارتوں کے اندر یا پھر زیر زمین میں پناہ لیں۔”جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے پیونگ یانگ کی ان ”لاپرواہ اشتعال انگیزیوں ” کی مذمت کی ہے جبکہ جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا نے میزائل فائرنگ کے واقعے کو ”وحشیانہ” فعل قرار دیا ہے۔ اس واقعے میں کسی بھی مالی نقصان یا چوٹ کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔