گھریلو جھگڑے قتل کی وجہ، شوہر کے خلاف مقدمہ درج
حیدرآباد: پرانے شہر میں آئے دن کسی نہ کسی مسئلہ پر قتل کے واقعات رونما ہورہے ہیں، چاہے وہ آپسی اختلافات ہوں یا پھر پرانی مخاصمت۔ جمعرات کو ایک قتل کا واقعہ شاہ علی بنڈہ کے علاقہ غازی بنڈہ میں پیش آیا جس میں شوہر نے اپنی بیوی کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق 35 سالہ اسماء بیگم ساکن کالا پتھر کی شادی 35 سالہ خواجہ معین الدین ساکن علی نگر غازی بنڈہ سے ہوئی تھی ۔ شادی کے بعد سے ہی میاں بیوی کے درمیان اختلافات چل رہے تھے ، جس کے نتیجہ میں آئے دن جھگڑے ہوا کرتے تھے ۔ مذکورہ جوڑے کو دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ شادی کے 9 سال بعد بھی جھگڑوں کا سلسلہ جاری تھا اور کل رات ایک بجے بھی اسماء بیگم اور خواجہ معین الدین کے درمیان کسی بات پر بحث و تکرار ہوگئی اور یہ ایک جھگڑے کی شکل اختیار کرلیا۔ برہم شوہر نے اپنی بیوی کا گلا گھونٹ دیا جس کے نتیجہ میں وہ بے سود ہوکر گر گئی اور جسے فوری دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر اسماء بیگم کے رشتہ داروں نے شاہ علی بنڈہ پولیس میں ایک شکایت درج کروائی جس کے فوری بعد فلک نما کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس مسٹر ایم اے ماجد مقام واردات پر پہنچ گئے اور کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسماء بیگم اور خواجہ معین الدین کی دو مرتبہ پولیس اسٹیشن کالا پتھر اور ویمن پولیس اسٹیشن میں فیملی کونسلنگ بھی کی گئی تھی ۔ سسرالی رشتہ داروں پر حملہ کے واقعہ میں بھی کالا پتھر پولیس نے شوہر کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا تھا لیکن آپس میں صلح ہوگئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ گھریلو جھگڑوں کے نتیجہ میں شوہر نے اپنی بیوی کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا ہے ۔ پولیس شاہ علی بنڈہ نے شوہر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا اور نعش کو بعد پوسٹ مارٹم ورثاء کے حوالے کردیا۔