حیدرآباد۔/6 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن کارڈز کی اجرائی کے سلسلہ میں شرائط و قواعد کو طئے کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس آج منعقد ہوا۔ میڈیا اکیڈیمی کے صدرنشین کے سرینواس ریڈی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں جناب عامر علی خاں رکن قانون ساز کونسل و نیوز ایڈیٹر’سیاست‘، کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ ایس ہریش، سینئر صحافی کے سرینواس، آر روی کانت ریڈی اور سینئر فوٹو جرنلسٹ ہری نے شرکت کی۔ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ڈائرکٹر انچارج جگن نے اجلاس کو ایکریڈیٹیشن کارڈز کی اجرائی کے سلسلہ میں موجودہ رہنمایانہ خطوط سے واقف کرایا۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے علاوہ سوشیل میڈیا اور ویب چینلس سے وابستہ صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن کارڈز کی اجرائی کے قواعد و ضوابط طئے کرنے کیلئے حکومت نے خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اجلاس میں مختلف زاویوں سے کارڈز کی اجرائی کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی رہنمایانہ خطوط وضع کرنے کے بعد حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔1