18 فیصد کے اضافہ کے ساتھ حیدرآباد کو ملک بھر میں تیسرا مقام
حیدرآباد۔20اپریل(سیاست نیوز) شہر میں صحت و خوبصورتی سے متعلق خدمات میں 18فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور سال 2022-23 کے دوران اس اضافہ کے سلسلہ میں Just Dial سے جاری اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ مالی سال کے دوران شہر میں صحت اور خوبصورتی سے متعلق خدمات کے حصول میں اضافہ کی مختلف وجوہات ہیں جن میں آلودگی میں اضافہ بھی شامل ہے۔ملک بھر میں صحت و خوبصورتی سے متعلق خدمات میں اضافہ کے شہروں میں حیدرآباد کو تیسرا مقام حاصل ہوا ہے جبکہ پہلے نمبر پر بنگلورو ہے جہاں اس مدت میں22 فیصد اضافہ ان خدمات کے حصول میں ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ چینائی میں یہ خدمات حاصل کرنے والوں کے فیصد میں 19 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ چینائی دوسرے نمبر پر ہے۔ بیوٹی پارلرس و ہئیر کٹ پارلر چلانے والوں کا کہناہے کہ 2022-23کے دوران ان امور پر توجہ دینے والوں کی تعداد میں اضافہ کی مختلف وجوہات ہیں جن میں حیدرآباد میں مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والوں کی آبادی میں اضافہ ہورہا ہے اور دہلی ‘ ممبئی ‘ کولکتہ اور دیگر شہروں تعلق رکھنے والوں میں خوبصورتی اور صحت پر توجہ دینے کا رجحان کافی ہے اور اب شمالی ہند سے تعلق رکھنے والوں کے حیدرآباد میں قیام کے سبب ان خدمات کو حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ شہر میں عالمی معیار کے پارلر بھی اضافہ کی وجہ ہے۔