سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم کے احکامات، حج کمیٹی کی عنقریب تشکیل کا امکان
حیدرآباد۔یکم مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کے صدرنشین کے انتخاب کیلئے 7 مئی کو ارکان کا اجلاس حج ہاوز نامپلی میں منعقد ہوگا۔ پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے جی او ایم ایس 25 جاری کرتے ہوئے تلنگانہ وقف بورڈ کیلئے 4 نامزد ارکان کے ناموں کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ نئے صدرنشین کے انتخاب کیلئے 7 مئی کو 11:30 بجے دن دفتر وقف بورڈ حج ہاوز نامپلی میں اجلاس طلب کیا گیا۔ 4 نامزد اور 6 منتخب ارکان کے درمیان نئے صدرنشین کا انتخاب ہوگا۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر شاہنواز قاسم کو اس سلسلہ میں ضروری قدم اٹھانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے صدرنشین کے عہدہ کیلئے محمد مسیح اللہ خاں کے نام کی منظوری دے دی ہے اور 7 مئی کے اجلاس میں رسمی طور پر انتخاب عمل میں آئے گا۔ نامزد زمرہ سے مسیح اللہ خاں کے علاوہ ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آغا ، ملک معتصم خاں اور محترمہ شیخ یاسمین باشاہ ( آئی اے ایس ) کو بحیثیت رکن شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ارکان پارلیمنٹ، ارکان مقننہ، متولی اور منیجنگ کمیٹی کے علاوہ بار کونسل زمرہ جات سے 6 ارکان کا انتخاب عمل میں آیا جن میں اسد اویسی ایم پی، فاروق حسین ایم ایل سی، کوثر محی الدین ایم ایل اے، مولانا اکبر نظام الدین حسینی، ابوالفتح سید بندگی بادشاہ قادری اور سید ذاکر حسین جاوید شامل ہیں۔ حکومت نے تلنگانہ حج کمیٹی کے لئے سابق صدر نشین وقف بورڈ و سابق ایم ایل سی محمد سلیم کے نام کی منظوری دی ہے۔ توقع ہے کہ جلد ہی ارکان کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا اور کمیٹی کے ارکان اجلاس میں صدرنشین کا انتخاب کریں گے۔ر