مختلف تحدیدات۔ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں سے 10 ہزار جرمانہ وصول کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) زمانہ تبدیل ہورہا ہے، مگر عوام کے سوچنے اورسمجھنے کے انداز میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ اس کا ثبوت ایک حالیہ واقعہ سے سامنے آیا ہے۔ ضلع نظام آباد کے نندی پیٹ منڈل میں واقع شاپور گاؤںمیںمنوروکاپو سماج سے تعلق رکھنے والے 80 خاندانوں کا دیہی ترقیاتی کمیٹی نے سماجی بائیکاٹ کردیا ہے اور ان کے خلاف بیجا تحدیدات عائد کردی گئی ہیں۔ سماجی بائیکاٹ کا شکار خاندان سے بات کرنے یا ان کے پاس زرعی کام کرنے پر 2 لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کرنے کا انتباہ دیتے ہوئے گاؤں میں پوسٹرس چسپاں کئے گئے ہیں۔ متاثرین کی جانب سے پولیس سے رابطہ پیدا کرنے پر یہ واقعہ منظر عام پر آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گاؤں میں ایک خاتون نے گھر کی تعمیر میں ولیج ڈیولپمنٹ کمیٹی کو خاطر میں نہیں لایا جس پر دیہی ترقیاتی کمیٹی ناراض ہوگئی اور اس خاتون کے ساتھ کوئی تعاون نہ کرنے کا پہلے حکم جاری کیا۔ تاہم اس گاؤں کے ایم گنگادھر نے اس خاتون کوبرقی میٹر حاصل کرنے میں مدد کی جس پر ولیج ڈیولپمنٹ کمیٹی نے گنگادھر کے ارکان خاندان کو طلب کیا، بات چیت کی اور اس کو 1.20 لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کیا جس کو انہوں نے ادا کردیا۔ انتقامی کارروائی کے طور پر اس خاندان کا سماجی بائیکاٹ کرنے کی قرارداد منظور کی۔ مزید 2 لاکھ روپئے ادا کرنے کی ہدایت دی۔ بصورت دیگر تحدیدات برقرار رکھنے کا انتباہ دیا۔ اس کے علاوہ منوروکاپو طبقہ کے اچھے اور برے وقت میں باجہ نہ بجانے ، دلتوں کے کپڑے نہ دھونے دھوبیوں کو اور حجامت نہ کرنے کی زلف تراشوں کو ہدایت دی گئی۔ اس کے علاوہ دوسری تحدیدات بھی عائد کی گئیں۔ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں سے 10 ہزار روپئے جرمانہ وصول کرنے کی قرارداد منظور کی گئی۔ن