عازمین حج کے 17 ویں قافلہ کی حج ہاوز سے روانگی

   

رکن اسمبلی ورنگل ویسٹ این راجندر ریڈی نے قافلہ کو جھنڈی دکھائی
حیدرآباد۔12۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے توسط سے عازمین حج کے 17ویں قافلہ کو رکن اسمبلی ورنگل ویسٹ مسٹر این راجندر ریڈی نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ عازمین کی روانگی کے موقع پر صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا غلام سید افضل بیابانی خسرو پاشاہ ‘ صدرنشین وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی و اراکین حج کمیٹی اور دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔صدرنشین حج کمیٹی مولانا غلام سید افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے عازمین حج سے خطاب میں کہا کہ حج کمیٹی سے روانہ عازمین کے فضائی کرایوں میں اضافہ کی ادائیگی کا اعلان کرکے حکومت نے جو راحت فراہم کی ہے اس کے نتیجہ میں عازمین حج میں خوشی کی لہر ہے۔انہوں نے بتایا کہ حج کمیٹی نے حکومت کے تعاون سے جو انتظامات اس مرتبہ حج ہاؤز میں کئے ہیں اور جس طرح کی سہولت عازمین حج کو فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اس میں آئندہ مزید بہتری کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے دوران حج عازمین کو خوب دعائیں کرنے کی تلقین کی ۔جناب سید عظمت اللہ حسینی صدرنشین وقف بورڈ نے خطاب کے دوران کہا کہ اللہ جن بندوں کو منتخب کرتا ہے وہی دراصل اللہ کے مہمان بنتے ہیں اسی لئے جو بندے حج بیت اللہ کیلئے روانہ ہورہے ہیں انہیں احساس ہونا چاہئے کہ وہ کائنات کے خالق کے مہمان ہیں ۔ انہو ںنے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ دوران سفر مشکلات کی شکایات کی بجائے صبر کریں اور اپنی عبادت کی تکمیل پر توجہ مرکوز کریں۔ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے حج بیت اللہ کیلئے روانہ ہونے والے حج انسپکٹرس کو بھی مشورہ دیا کہ وہ دوران حج اپنی ذمہ داریوں سے فرار اختیار نہ کریں بلکہ حجاج اکرام کی خدمت کے ذریعہ نیکیاں کمانے میں مصروف رہیں۔رکن اسمبلی ورنگل ویسٹ این راجندر ریڈی نے عازمین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت حج کیلئے روانہ ہونے والوں کیلئے بہتر انتظامات کر رہی ہے ۔ انہو ںنے عازمین حج سے دعاؤں کی درخواست کی ۔3/k/b