عالمی رابطہ اسلامی کا فلسطینی ریاست کے قیام اور غزہ میں مصائب کے خاتمہ کا مطالبہ

   

نیویارک ۔ 29 ستمبر (ایجنسیز) عالمی رابطہ اسلامی نے پیر کے روز ایک بار پھر اپنے اس مطالبہ کا اعادہ کیا ہیکہ غزہ کے نہتے شہریوں کا تحفظ کیا جائے ، ان کے مصائب میں کمی لانے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور ایک آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست قائم کی جائے۔ جیسا کہ تنازعہ کے دوریاستی حل میں وعدہ کا گیا ہے۔رابطہ اسلامی کے سیکرٹری جنرل عبدالوہاب بن محمد الشاہری نے یہ بیان نیو یارک میں اقوام متحدہ کے فورم یو این الائنس آف سولائزیشن کے پلیت فارم سے کیا ہے۔ وہ اس عالمی فورم میں عالمی رابطہ اسلامی کی نمائندگی کر رہے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر جن اہم عالمی امور کے بارے میں فورم کی توجہ مبذول کرائی، ان ایشوز میں فلسطین کا معاملہ نمایاں رہا۔سیکرٹری جنرل نے اس معاملے میں مکالمے کی اہمیت کو نمایاں کیا ، انہوں نے عالمی رابطہ اسلامی کی تعلیمی شعبے میں خدمات اور کوششوں کا بھی بطور خاص ذکر کیا۔ کہ کس طرح بین المذاہب ہم آہنگی کی بات کی جارہی ہے۔ تاکہ مختلف معاشروں میں امن کا فروغ ممکن ہو سکے۔انہوں نے غزہ کے فلسطینی عوام کا ذکر کرتے ہوئے کہا فلسطینیوں کے مصائب کو اب ختم ہونا چاہیے۔ انہیں ان کے جائز اور مسلمہ حقوق ملنے چاہییں اور ایک آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں آنا چاہیے۔ اس سے خطہ میں پائیدار امن کا امکان بڑھ جائے گا۔اس اجلاس میں مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ ، عالمی عمائدین دانشوروں، علماء ، ماہرین اور سفارت کاروں نے شرکت کی۔