عظیم پریم جی نے کیا70 مقدمہ کرنے والے کو معاف،سپریم کورٹ نے کی ستائش

   

کہتے ہیں کہ معاف کرنے والا سب سے بڑا ہوتا ہے،اس کی ایک مثال قائم کی ہے ملک کے سب سے ’بڑے دل والے‘انسان عظیم پریم جی نے۔ایک ایسے شخص کو انہوں نے معاف کیا جس نے انہیں اور ان کی کمپنی کو پریشان کرنے کے لیے مقدمات کی جھڑی لگا رکھی تھی۔اس واقعہ کے بعد ملک کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ نے ہفتہ کو آئی ٹی کنگ عظیم ہاشم پریم جی کی تعریف کی۔دراصل ایک شخص نے عظیم پریم جی اور ان کے ساتھیوں کیخلاف 70 سے زیادہ مقدمات درج کرائے تھے۔تاہم بعد میں اس شخص نے مقدمے واپس لینے کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد عظیم پریم جی نے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے معاف کر دیا۔ اس پر عدالت عظمیٰ نے عظیم پریم جی کے تعمیری نقطہ نظر کی تعریف کی۔اس شخص کا نام آر سبرامنیم بتایا جا رہا ہے۔ جسٹس سنجے کشن کول اور ایم ایم سندریش کی بنچ نے کہا کہ ہمیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ عظیم پریم جی نے اس معاملے پر تعمیری انداز اپنایا حالانکہ انہیں اس کے سبب مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہو گا۔بنچ نے کہا کہ موجودہ کاروائی نے ظاہر کیا ہے کہ جب تک دونوں فریق حقیقت کو دیکھنے کے لیے تیار ہیں، کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔عدالت نے کہا کہ اب 70 سے زیادہ مقدمات کو خارج کر دیا جائے گا کیونکہ سبرامنیم اپنے ماضی کے طرز عمل پر نادم ہیں اور نئے سرے سے شروعات کرنا چاہتے ہیں۔