عوامی قائدین نہیں ، سوشیل میڈیا لیڈر کا بول بالا

   

حیدرآباد۔23 ۔جون(سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے فراہم کئے جانے والے نامزد عہدوں کے حصول یا کسی کارپوریشن میں نمائندگی کے حصول کے لئے اب کسی قائد کی چاپلوسی یا واہ واہ کرنے اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو منوانے یا پارٹی قائدین کے نور نظر بنے رہنے کے لئے اب عوامی قائد بننے کی ضرورت نہیں رہی بلکہ پارٹی کارکن جو سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں اور اپنی پارٹی کا دفاع کرنے کے متحمل ہیں انہیں پارٹی کی جانب سے نامزد عہدوں کی فراہمی کا نیا چلن شروع ہوچکا ہے۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے گذشتہ دنوں وائی ستیش ریڈی کو صدرنشین ریڈکو نامزد کئے جانے کے احکام جاری کئے گئے ہیں جو سابق میں پارٹی کے سوشل میڈیا کنوینر رہ چکے ہیں۔ انہو ںنے بہ حیثیت سوشل میڈیا کنوینر سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر پارٹی اور پارٹی قائدین کے دفاع اور پارٹی کے نظریات کے فروغ میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے ۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی میں وائی ستیش ریڈی ہی ایک ایسے صدرنشین نہیں ہیں جو سابق میں ٹی آر ایس سوشل میڈیا کے کنوینر رہے ہیں بلکہپٹی میڈی جگن موہن راؤ اور کرشانک منے بھی سابق میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کے سوشل میڈیا کنوینر رہ چکے ہیں۔ پٹی میڈی جگن موہن راؤ کو ریاستی حکومت نے تلنگانہ ریاستی ٹیکنالوجی سروسس لمیٹیڈ کا صدرنشین ناز کیا ہے جبکہ کرشانک منے کو ریاستی حکومت نے تلنگانہ اسٹیٹ مینرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا صدرنشین نامز دکیا ہے۔ سوشل میڈیا پر سرگرم قائدین کو اہم عہدوں پر فائز کیا جانا صرف تلنگانہ راشٹر سمیتی میں ہی عام نہیں ہورہا ہے بلکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر سرگرم پارٹی کارکنوں اور قائدین کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں اہم عہدے دیئے جا رہے ہیں ۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے سوشل میڈیا کنوینر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہوئے تاحال 3 افراد نے ریاست میں انتہائی اہم کارپوریشن و اداروں کے صدورنشین کے عہدہ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس چلن کو دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ آئندہ دنوں میں سیاسی قائدین و کارکن عوام کے درمیان پہنچ کرپارٹی کے نظریات کو فروغ دینے کے بجائے سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر پارٹی کے موقف کا دفاع کرتے ہوئے ترقی حاصل کرنے لگ جائیں گے ۔وائی ستیش ریڈی صدرنشین ریڈکو کا ماننا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعہ پارٹی کے دفاع اور مسائل سے آگہی اور ان کے حل کے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ان کا کہناہے کہ صدرنشین نامزد کئے جانے کے بعد چیف منسٹر نے ملاقات کے دوران انہیں سوشل میڈیا پر اسی طرح سے سرگرم رہنے کی ہدایت بھی دی ہے ۔م