عوامی مسائل کے حل ، بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے

   

نکریکل میں ترقیاتی اُمور پر جائزہ اجلاس ، گورنمنٹ وہپ ویمولا ہریشم کا خطاب

نلگنڈہ۔ 25ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سرکاری وہپ و نکریکل کے رکن اسمبلی ویمولا ویرشم نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ترقیاتی اور فلاحی اسکیموں پر مؤثر عمل درآمد کے ذریعہ نکریکل اسمبلی حلقہ کو مسائل سے پاک بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے۔نکریکل کے وِنائک بینکوئٹ ہال میں ضلع عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ حلقہ سطح کے ترقیاتی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ویمولا ویرشم نے کہا کہ حکومت چھ ضمانتوں سمیت مختلف فلاحی اسکیموں پر عمل درآمد کے ساتھ تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے آنگن واڑی اور گرام سمکھیا عمارتوں کے کام بھی جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔رکن اسمبلی نے نکریکل میں جے این ٹی یو انجینئرنگ کالج کی شاخ کے قیام کے لیے سروے نمبر 696 میں موجود 90 ایکڑ اراضی حوالے کرنے کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ بولّارم میں موجود 300 ایکڑ سرکاری اراضی کے تحفظ نکریکل بس اسٹینڈ اور پولیس اسٹیشن کی منتقلی سے متعلق اجازت فوری طور پر جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے پینے کے پانی کی قلت والے دیہات کی نشاندہی کرتے ہوئے مشن بھاگیرتھا کے ذریعہ بلک واٹر سپلائی میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی۔ نکریکل کے 100 بستروں والے نئے اسپتال میں تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تخمینہ تیار کرنے، منظور شدہ برقی سب اسٹیشنوں کے لیے اراضی کے حصول میں تیزی لانے اور بجلی کنکشن کے لیے ڈی ڈی جمع کرانے والوں کو فوری کنکشن فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ایڈیشنل کلکٹر ریونیو جے سرینواس اور مقامی ادارجات انچارج ایڈیشنل کلکٹر پریم کرن ریڈی نے عہدیداروں کو باہمی تال میل کے ساتھ ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے اور آئندہ موسم میں پینے کے پانی کی قلت سے نمٹنے کے لئے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔اجلاس میں میونسپل چیئرپرسن رجیتا سرینواس چٹیال میونسپل چیئرپرسن پندیری شویتا نکریکل مارکیٹ کمیٹی چیئرپرسن منجولا سمیت مختلف محکموں کے عہدیداروں سنگل ونڈو چیئرمینوں اور دیگر عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔

نئی الاٹ شدہ اسکولس پر ڈیوٹی جوائن کرنے کا حکم