حیدرآباد ۔ 15 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ڈی جی پی ہریش کمار گپتا نے عوام کو سائبر جرائم سے چوکس رہنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سائبر جرائم پیشہ میں ملوث افراد کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا ۔ ڈی جی پی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں خواتین کی حفاظت کو یقینی بنانے پر توجہ دی جارہی ہے جس کے لیے ویمن پروٹیکشن سیل موجود ہے ۔ خواتین کی حفاظت کے لیے آئی جی رینک کے افسر کی سربراہی میں ویمن پروٹیکشن ونگ قائم کی جارہی ہے ۔ ڈی جی پی نے انکشاف کیا کہ خواتین کی حفاظت کو بہتر بنانے کے لیے ریاست بھر میں 164 شکتی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کال آنے پر فوری کارروائی کرنے کے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں ۔ ریاست کے 26 اضلاع میں ایک آئی جی کی قیادت میں سائبر پولیس اسٹیشن قائم کیا جارہا ہے اور ریاست بھر میں ایک لاکھ سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جانے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے ۔ جس سے جرائم پر قابو پانے میں کافی مدد ملے گی ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ ریاست میں گانجہ کی کاشت کو بڑے پیمانے پر ختم کردیا گیا ہے ۔ منشیات کی اسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کی جائیدادوں کو ضبط کرنے کا بھی اقدام کیا جارہا ہے ۔۔ ش