عیدالفطر سے قبل دونوں شہروں میں کچہرے کی نکاسی کارپوریٹرس کا تعاون ، بلدی عہدیداروں کا سرگرم رول

   

حیدرآباد۔4مئی (سیاست نیوز) عید الفطر کی صبح کی اولین ساعتوں سے ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد میں مساجد کے علاوہ رہائشی علاقوں سے کچہرے کی نکاسی کے لئے بلدی عہدیداروں کو سرگرم دیکھا گیا اور کئی مقامات پر متعلقہ کارپوریٹرس نے صبح کی اولین ساعتوں سے ہی اپنے اپنے علاقوں میں موجود کچہرے کے انبار کی نکاسی کی نگرانی کی اور صفائی کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیاگیا۔ پرانے شہر کے علاقوں شاگہ علی بنڈہ ‘ خلوت‘ ہمت پورہ ‘ سید علی چبوترہ ‘ نواب صاحب کنٹہ ‘ انجن باؤلی‘ مصری گنج ‘ شاہ گنج ‘ یاقوت پورہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں کارپوریٹرس نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے اپنے علاقوں کی صفائی کی راست نگرانی کی ۔ شاہ علی بنڈہ کارپوریٹر جناب مصطفی علی مظفر نے عید الفطر کی علی الصبح فجر کے فوری بعد بلدی عہدیداروں کے ہمراہ اپنے علاقہ میں جمع ہونے والے کچہرے کے علاوہ سڑکوں کی صفائی کے کام شروع کروائے ۔شاہ علی بنڈہ ‘ سید علی چبوترہ ‘ کے علاوہ دیگر علاقوں اور چاندرات کے سبب مصروف ترین سڑکوں کی صفائی کے لئے بلڈوزر‘ جے سی بی اور خصوصی ٹرکس کا استعمال کیا گیا تاکہ کچہرے کی منتقلی میں دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔نئے شہر کے مختلف علاقوں ٹولی چوکی ‘ مہدی پٹنم‘ مانصاحب ٹینک کے علاوہ آصف نگر اور دیگر مقامات پر بھی کارپوریٹرس کی راست نگرانی میں صفائی اور کچہرے کی نکاسی کا عمل دیکھا گیا۔بلدی عہدیداروں نے بتایا کہ اپنے علاقوں میں صفائی کو یقینی بنانے کی کوشش کرنے والے کارپوریٹرس نے متعلقہ صفائی عملہ کی نگرانی اور انہیں کچہرے کے انبار کے مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے کچہرے کی نکاسی میں مدد کی ہے جس کے سبب صبح کی اولین ساعتوں میں ہی کچہرے کی نکاسی و منتقلی ممکن ہوپائی ہے۔م