نئی دہلی : فحاشی اور تشدد پر مبنی مواد پیش کرنے والے او ٹی ٹی (اوور دی ٹاپ) پلیٹ فارمس پر مرکزی حکومت کا شکنجہ سخت ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ حکومت اس سلسلے میں ایک نئے قانون کو لانے کی تیاری بھی کر رہی ہے تاکہ عوام کے درمیان فحش و پرتشدد مواد نہ پھیلے۔ آئندہ پارلیمانی اجلاس میں اس تعلق سے بل پیش کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔اس درمیان خبر سامنے آ رہی ہے کہ تقریباً چار درجن او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کمپنیاں حکومت کی جانچ کے رڈار پر ہیں۔ ان میں 3 پلیٹ فارمز کو تو وجہ بتاؤ نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔وزارت برائے اطلاعات و نشریات کے ذریعہ فحش مواد پیش کرنے والے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے خلاف آئی ٹی رول 2021 کی دفعہ 67 اور 67 اے کے تحت قدم اٹھایا جائے گا۔ ایک افسر کا کہنا ہے کہ ہنٹرس، بے شرم اور پرائم پلے او ٹی ٹی پلیٹ فارم کو فحش مواد ہٹانے یا پھر کارروائی کا سامنا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔