منیلا : فلپائن میں نوعمری میں حمل کی روک تھام کے لیے پیش کیا گیا ایک نیا بل اس وقت شدید بحث کا باعث بن گیا ہے۔ نو عمری میں حمل کی روک تھام کے بل کے حامی قانون سازوں کا کہنا ہے کہ اسکولوں میں “جامع جنسی تعلیم” (سی ایس ای) کو لازمی بنانا ملک میں نوعمری میں حمل کے بڑھتے ہوئے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہو گا۔فلپائن جہاں اکثریتی آبادی کیتھولک اور قدامت پسند نظریات پر یقین رکھتی ہے، یہ مسئلہ ایک سنگین سماجی چیلنج بن چکا ہے۔ سینیٹ کے اس بل کے تحت حکومت کو پابند بنایا جائے گا کہ وہ اسکولوں میں عمر کے لحاظ سے موزوں اور لازمی جامع جنسی تعلیم (سی ایس ای) کو فروغ دے، جو طبی طور پر مستند، ثقافتی لحاظ سے حساس، حقوق پر مبنی، جامع اور غیر تفریقی ہو۔ تاہم، چرچ سے وابستہ اتحاد پروجیکٹ دالیسائے کی نمائندہ ماریا لورڈیس سیرینو نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون والدین کے اس حق کو نظرانداز کرتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو جنسی تعلیم سے متعلق کس قسم کی معلومات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔