فیس ریمبرسمنٹ میں بے قاعدگیوں کا پتہ چلانے خانگی کالجس کی جانچ

   

ویجلنس اینڈ انفورسمنٹ کی ٹیمیں شہر اور اضلاع میں متحرک
حیدرآباد۔ 20 ستمبر (سیاست نیوز) فیس ریمبرسمنٹ اسکیم میں خانگی تعلیمی اداروں کی مبینہ بے قاعدگیوں کا پتہ چلانے کے لئے حکومت نے ویجلنس اینڈ انفورسمنٹ عہدیداروں کے ذریعہ تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ ویجلنس اور انفورسمنٹ عہدیداروں کی خصوصی ٹیمیں حیدرآباد اور مضافاتی علاقوں میں واقع خانگی انجینئرنگ کالجس کا دورہ کرتے ہوئے داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کی حقیقی تعداد کا پتہ چلانے کی کوشش کررہی ہیں۔ تعلیمی اداروں کے ریکارڈ کے مطابق فیس ریمبرسمنٹ کے لئے درخواست داخل کرنے والے طلبہ کی تعداد کی جانچ کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہیکہ کئی کالجس میں حقیقی تعداد سے زیادہ فیس ریمبرسمنٹ کی درخواستیں داخل کی گئیں۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران ویجلنس اینڈ انفورسمنٹ کے عہدیداروں نے شہر کے مضافاتی علاقوں میں کئی کالجس کا دورہ کیا اور کالجس سے طلبہ کی تعداد اور ریمبرسمنٹ حاصل کرنے والے امیدواروں کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔ جانچ کی تکمیل کے بعد حکومت کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔ دورہ کرنے والی ٹیموں نے 10 تا 12 افراد شامل ہیں جن کی قیادت ایس پی یا ڈی ایس پی رتبہ کے عہدیدار کررہے ہیں۔ تلنگانہ کے 10 سابق اضلاع میں خانگی کالجس کی نشاندہی کرتے ہوئے جانچ شروع کی گئی ہے۔ تحقیقاتی ٹیمیں 67 نکاتی سوال نامہ رکھتے ہوئے کالج انتظامیہ سے تفصیلات حاصل کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے موجودہ فیس ریمبرسمنٹ اسکیم میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت فیس کالجس کی بجائے راست طور پر طلبہ کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کی جائے گی۔ خانگی کالجس کی جانب سے نئی اسکیم کی مخالفت کی جارہی ہے۔ 1؍F