قلب شہر میں نوتعمیر کردہ فلیٹس کا چیف منسٹر کے سی آر کے ہاتھوں افتتاح

,

   

ارکان اسمبلی و قانون ساز کونسل کیلئے کلب ہاؤز ، جم اور سوپرمارکٹ کی سہولت کی فراہمی

حیدرآباد۔17جون(سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤنے آج قلب شہر حیدرگوڑہ میں نو تعمیر کردہ فلیٹس کا افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر چیف منسٹر کے علاوہ اسپیکر اسمبلی مسٹر پوچارم سرینواس ‘ کابینی وزراء جناب محمد محمود علی ‘مسٹر ای دیاکر راؤ‘ مسٹر وی پرشانت‘ مسٹر جگدیش ریڈی ‘ مسٹر کے ایشور کے علاوہ ارکان اسمبلی و قانون ساز کونسل جناب محمد فاروق حسین ‘ مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن اور دیگر موجود تھے۔ چیف منسٹر نے ارکان اسمبلی و قانون ساز کونسل کے لئے تعمیر کئے گئے ان نئے فلیٹس کی ہمہ منزلہ عمارتوں کا افتتاح انجام دیا جن میں جملہ 120 فلیٹس موجود ہیں اور ان فلیٹس کا رقبہ 2500 مربع فیٹ ہے اس کے علاوہ نو تعمیر شدہ ایم ایل اے کوارٹرس میں 125 سروس اپارٹمنٹس موجود ہیں تاکہ ارکان اسمبلی و قانون ساز کونسل کے ماتحت عملہ کو رہائش فراہم کی جاسکے۔ 2104میں ان عمارتوں کے مخدوش ہوجانے کے بعد انہیں مکمل طور پر منہدم کرتے ہوئے ان کی جگہ نئی تعمیرات انجام دی گئی ہیں ۔ حیدرگوڑہ میں کی گئی ان تعمیرات میں ذیلی منزل پر 23 ملاقاتیوں کے چیمبر بنائیں گے ہیں جبکہ 276گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ان کوراٹرس میںجملہ 8لفٹ نصب کئے گئے ہیں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے مربوط خدمات کیلئے علحدہ گوشہ رکھا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ کوارٹرس میں ارکان اسمبلی و قانون ساز کونسل کے لئے کوارٹرس میں کلب ہاؤز‘ جم اور سوپر مارکٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔4.26 ایکڑ اراضی پر انجام دی گئی اس تعمیر کے لئے حکومت کی جانب سے 166 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں اور ہر فلیٹ میں 3بیڈ روم کے علاوہ ڈرائینگ روم کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔تشکیل تلنگانہ کے بعد حکومت نے اقتدار حاصل کرتے ہی ارکان اسمبلی و قانون ساز کونسل کے کوارٹرس کی تعمیر نو کا فیصلہ کرتے ہوئے ان عمارتو ںکو منہدم کردیا تھا اور اب جملہ 5 علحدہ علحدہ بلاکس تعمیر کئے گئے ہیں جو کہ 12منزلہ ہیں۔ شہر حیدرآباد کے قلب میں واقع ان کوارٹرس میں فلیٹس کی تخصیص کا اختیار اسپیکر اسمبلی کو حاصل ہے جو کہ ریاستی اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے ارکان کو مختص کریں گے تاکہ وہ شہر میں اپنی رہائش کے دوران فلیٹس میں قیام کرسکیں۔ان کوارٹرس میں 36 ملازمین کے کوارٹرس بھی تعمیر کئے گئے ہیں جہاں ان ارکان اسمبلی و کونسل کے عملہ کو رہائش کی سہولت حاصل رہے گی۔چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کوارٹرس کی افتتاحی تقریب کے بعد کوارٹرس میں فراہم کی جانے والی سہولتوں بالخصوص عصری سہولتوں کے متعلق تفصیلات دریافت کی ۔ قبل ازیں ریاستی وزیر عمارات و شوارع مسٹرویمولہ پرشانت نے واستوکے مطابق مذہبی رسومات انجام دیں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے مختصر غیر رسمی بات چیت کے دوران کہا کہ نئے ایم ایل اے کوارٹرس کو انتہائیعصری طریقہ سے تعمیر کیا گیا ہے اور ان کوراٹرس میں عصری سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی گئی ہے۔