دونوں گردے ناکارہ ہونے والی دختر کو ماں نے اپنا ایک گردہ عطیہ دیا تھا
حیدرآباد ۔ 27 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : ماں بالآخر ماں ہوتی ہے ۔ بچوں کی پریشانیوں پر تڑپ جاتی ہے ۔ ہر حال میں انہیں آرام و سکون فراہم کرنے کی ممکنہ کوشش کرتی ہے ۔ مگر ایک ماں کی قربانی ضائع ہوگئی ۔ متحدہ ضلع کھمم میں ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب سجاتا نگر سے تعلق رکھنے والے جوڑے ہری نائیک اور بھدراماں کی 13 سالہ بڑی دختر سنہیتیا گذشتہ سال بیمار ہوگئی جس کے بعد اس لڑکی کے دونوں گردے ناکارہ ہوگئے ۔ لخت جگر کی تکلیف دیکھ کر ماں تڑپ اٹھی ۔ 9 ماہ تک اپنی کوکھ میں رکھ کر جس لڑکی کو جنم دیا تھا ۔ اس کے دو گردے ناکارہ ہوجانے سے وہ موت کے قریب ہوگئی تھی ۔ اپنی دختر کو دوبارہ نئی زندگی عطا کرنے کے لیے ماں نے اپنی زندگی اور صحت کی پرواہ کئے بغیر بیمار بیٹی کو اپنا ایک گردہ عطیہ دیا ۔ گردے کا عطیہ دینے پر بیٹی کو صحت یاب ہوتا دیکھ کر والدین اور رشتہ دار بہت زیادہ خوش تھے لیکن یہ خوشی دیرپا ثابت نہیں ہوئی ۔ چند دنوں بعد لڑکی دوبارہ ناسازی صحت کا شکار ہوگئی جس پر والدین دوبارہ فکر مند ہوگئے اور سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر اپنی بیمار لڑکی کا علاج کروایا ۔ لیکن ہر گذرتے دن کے ساتھ لڑکی کی حالت مزید نازک ہوتے گئی اور پیر کو اس لڑکی نے آخری سانس لی ۔ بیٹی کو نئی زندگی عطا کرنے کے لیے ماں کی قربانی ضائع ہوگئی ۔ غمزدہ والدین سے ملاقات کرنے والوں کی آنکھوں میں بھی آنسو آگئے ۔۔ 2