لوک سبھا انتخابات کے دوران حساس مقامات پر سیکوریٹی انتظامات کا جائزہ

   

سائبر آباد پولیس کمشنر ایوناش موہنتی کا پولیس عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔25فروری(سیاست نیوز) جمہوریت کے استحکام ‘ رائے دہی میں حصہ لینے کے لئے بے خوف و خطر مراکز رائے دہی تک پہنچنے کے علاوہ شفاف رائے دہی کو یقینی بنانے کے لئے کمشنرپولیس سائبر آباد کے حدود میں حساس مراکز رائے دہی کی نشاندہی کا عمل شروع کردیا گیا ہے تاکہ لوک سبھا انتخابات کے دوران سائبر آباد پولیس کمشنر کے حدود میں موجود حساس مراکز رائے دہی کے اطراف بہتر انتظامات اور پولیس کی تعیناتی کو یقینی بنایا جاسکے۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر ایوناش موہنتی کی نگرانی میں وسیع پیمانے پر انتظامات کو یقینی بنانے کے علاوہ متعلقہ پولیس اسٹیشنوں کے انسپکٹران پولیس کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں حساس مراکز رائے دہی سے نمٹنے کی خصوصی تربیت کی فراہمی عمل میں لائی گئی ۔ بتایاجاتا ہے کہ کمشنرپولیس سائبر آباد نے اپنے ماتحت عہدیداروں کو اس بات کی ہدایت دی کہ وہ محکمہ مال اور ضلع کلکٹریٹ کے علاوہ انتخابی خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کے ہمراہ حساس مراکز رائے دہی کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی وجوہات کا جائزہ لیں تاکہ انتخابات سے قبل ان حساس مراکز پر اسلحہ بند پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے علاوہ ان حساس مراکز رائے دہی پر رائے دہندوں کی آزادانہ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جاسکیں۔ ذرائع کے مطابق مسٹر ایوناش موہنتی نے اس تربیتی اجلاس کے بعد کہا کہ تمام حساس مراکز رائے دہی کی نشاندہی کے بعد اس کی تفصیلات اور ان مراکز پر رائے دہی کو بہتر بنانے اور شفاف طریقہ کار سے رائے دہی کے انعقاد کے لئے ڈسٹرکٹ الکٹورل آفیسر کر مکتوب روانہ کیا جائے گا۔ سائبر آباد کمشنریٹ میں پولیس عہدیداروں کو دی جانے والی اس خصوصی تربیت کا اہتمام کمشنر آف پولیس حیدرآباد کے علاوہ رچہ کنڈہ میں بھی کیا جانا ناگزیر ہے اور اس طر ح کے تربیتی پروگرامس اور پولیس کی کارکردگی کو بہتربنانے کے سلسلہ میں اقدامات کے ذریعہ رائے دہندوں کے اعتماد میں اضافہ کیا جاسکتا ہے اور وہ اپنے گھروں سے نکل کر اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرسکتے ہیں۔دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے کئی علاقوں میں رائے دہی کے فیصد میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ کے سلسلہ میں محکمہ پولیس کی جانب سے کی جانے والی نشاندہی کے مطابق حساس مراکز رائے دہی اور عوام کا رائے دہی کے عمل پر سے اعتماد ختم ہونا ہے اسی لئے رائے دہندوں میں اعتماد بحال کرتے ہوئے انہیں مراکز رائے دہی تک پہنچانا اہم ہے۔3