لوک سبھا چناؤ کیلئے کانگریس امیدواروں کا خصوصی سروے سے انتخاب ہوگا

   

سنیل کنگولو کی ٹیم متحرک، لوک سبھا چناؤ کیلئے کرناٹک کے ساتھ تلنگانہ کی ذمہ داری، 14 نشستوں پر ہائی کمان کی نظر
حیدرآباد 22 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کرإے حلقہ جات کی بنیاد پر پارٹی موقف کا جائزہ لینے سروے کا آغاز کیا ہے۔ انتخابی حکمت عملی کے ماہر سنیل کنگولو جنہوں نے اسمبلی چناؤ کی کامیاب حکمت عملی تیار کی تھی، انہیں مہاراشٹرا اور ہریانہ کے ساتھ تلنگانہ کی ذمہ داری دی گئی ۔ اسمبلی چناؤ میں کامیابی کے بعد کہا جارہا تھا کہ ہائی کمان سنیل کنگولو کو مہاراشٹرا اور ہریانہ کی حکمت عملی تیار کرنے کی ذمہ داری دے گا جہاں جاریہ سال کے اواخر میں اسمبلی انتخابات ہیں۔ دونوں ریاستوں میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنانے سنیل نے ابھی سے مقامی قائدین سے مشاورت کا آغاز کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ہائی کمان نے کرناٹک و تلنگانہ میں لوک سبھا چناؤ کی ذمہ داری سنیل کنگولو کے پاس برقرار رکھی ہے۔ دونوں ریاستوں میں کانگریس کی حکومت ہے اور سنیل نے دونوں ریاستوں کیلئے کافی محنت کی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ تلنگانہ کے 17 اسمبلی حلقوں میں پارٹی کے موقف کا پتہ چلانے سنیل نے اپنی ٹیموں کے ذریعہ خفیہ سروے کا آغاز کیا ہے۔ بعض دیگر خانگی اداروں کی خدمات بھی حاصل کی گئیں تاکہ 17 لوک سبھا حلقوں میں مضبوط امیدواروں کی نشاندہی کی جاسکے۔ کانگریس نے تلنگانہ میں 17 کے منجملہ 14 نشستوں پر کامیابی کا نشانہ مقرر کیا ہے اور پارٹی کو امید ہے کہ کم از کم 12 نشستوں پر پارٹی کامیابی حاصل کریگی۔ اسمبلی انتخابات میں کامیابی سے کارکنوں و کیڈر کے حوصلے بلند ہیں اور امید ہے کہ حکومت کی 6 ضمانتوں کا اثر لوک سبھا چناؤ میں دیکھنے کو ملے گا۔ نئی دہلی کے ایک خانگی ادارہ نے اوپنین پول میں بی آر ایس اور بی جے پی کو علی الترتیب 8 اور 6 نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی ہے جبکہ کانگریس کے حصہ میں صرف 2 نشستیں دکھائی گئی ہیں ۔ ہائی کمان نے اوپنین پول کو مسترد کردیا اور اسے یقین ہے کہ اسمبلی کی کامیابی کا تسلسل لوک سبھا میں دیکھنے کو ملے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور حکمت عملی ساز سنیل کنگولو دونوں کیلئے تلنگانہ کے انتخابی نتائج کسی چیلنج سے کم نہیں ہیں۔ بی آر ایس و بی جے پی دونوں نے لوک سبھا چناؤ میں اپنی طاقت جھونک دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ لوک سبھا چناؤ تک پردیش کانگریس کی صدارت میں تبدیلی کے امکانات موہوم دکھائی دے رہے ہیں اور کرناٹک کی طرح تلنگانہ میں دو عہدوں پر صدر پردیش کانگریس کی برقراری کو یقینی بنایا جائے گا۔ کرناٹک میں ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیو کمار صدر پردیش کانگریس کے عہدہ پر برقرار ہیں۔ اسی دوران تلنگانہ کے پارٹی امیدواروں کے انتخاب کے سلسلہ میں چیف منسٹر کی سطح پر مشاورت کا عنقریب آغاز ہوگا۔ 1