لوک سبھا چناؤ کے آزادانہ و منصفانہ انعقاد میں مبصرین کا اہم رول

   

ملک بھر کے 2150 مبصرین کے ساتھ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کا اجلاس ، پولنگ اسٹیشنوں کے دورے اور عوام سے رابطہ کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف الیکشن کمیشن راجیو کمار نے لوک سبھا انتخابات کے 2100 مبصرین کو آزادانہ و منصفانہ رائے دہی اور بے قاعدگیوں کو روکنے کے سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے نئی دہلی میں ملک بھر کے مبصرین کے ساتھ ایک روزہ اجلاس منعقد کیا۔ لوک سبھا اور بعض ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں بریفنگ کیلئے یہ اجلاس منعقد کیا گیا تھا ۔ آئی اے ایس ، آئی پی ایس ، انڈین ریونیو سرویس اور دیگر سنٹرل سرویسز سے تعلق رکھنے والے 2150 عہدیداروں کو مبصرین کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ نئی دہلی کے وگیان بھون میں منعقدہ اجلاس میں بعض مبصرین نے اپنی ریاستوں سے آن لائین شرکت کی۔ مجوزہ لوک سبھا چناؤ میں 900 جنرل آبزرورس ، 450 پولیس آبزرورس اور 800 انتخابی مصارف آبزرورس کو متعین کیا جائے گا۔ مبصرین کے اہم رول کی وضاحت کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے عہدیداروں سے کہا کہ آزادانہ و منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنانے کیلئے ابھی سے تیاریوں کا آغاز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مبصرین دراصل کمیشن کے نمائندہ ہوتے ہیں اور وہ امیدواروں اور رائے دہندوں کے درمیان مددگار ثابت ہوں اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعہ چناؤ پر نظر رکھیں ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ معاملات کو سختی لیکن بہترین انداز میں نمٹیں۔ پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کرتے ہوئے علاقہ کی صورتحال کا جائزہ لیں۔ راجیو کمار نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ پر تمام سرکولرس اور دیگر تفصیلات آن لائین دستیاب ہیں جس کے ذریعہ مبصرین اپنی کارکردگی بہتر بناسکتے ہیں۔ مبصرین کو الاٹ کردہ پارلیمانی حلقہ میں موجود رہنا ہوگا۔ ان کی گاڑیوں میں جی پی ایس ٹریکنگ کی سہولت فراہم کی جاسکتی ہے ۔ مبصرین سے کہا گیا کہ وہ اپنے موبائیل ، لینڈ لائین ، فون نمبرات ، ای میل ایڈریس اور رہائش کے مقام کی تفصیلات چیف الیکٹورل آفیسر کی ویب سائیٹ پر پیش کریں۔ الیکٹرانک اور پر نٹ میڈیا کے ذریعہ تشہیر کی جائے تاکہ امیدواروں اور عوام کو ربط قا ئم کرنے میں سہولت ہو۔ سیاسی پارٹیوں ، امیدواروں اور عوام کیلئے ہمیشہ دستیاب رہیں۔ آبزرورس کو چاہئے کہ وہ لائزن آفیسرس اور سیکوریٹی آفیسرس کا تقرر کریں۔ چیف الیکشن کمشنر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ دیانتداری کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں ۔ نیم فوجی دستوں کی تعیناتی اور دیگر امور کی بہتر نگرانی کی جائے۔ رائے دہی کے دن مبصرین کو پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے رابطہ میں رہنا چاہئے۔ مبصرین کو چاہئے کہ امیدواروں اور سیاسی پارٹیوں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں۔ سنٹرل فورسیس اور اسٹیٹ فورسیس کا بہتر استعمال کیا جائے تاکہ غیر جانبداری برقرار رہے۔ ایک روزہ طویل سیشن میں مختلف محکمہ جات کے رول کی وضاحت کی گئی۔ ای وی ایم مشینوں اور وی وی پیاٹ کے تحفظ کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے۔ مبصرین کو ای وی ایم مشینوں کی کارکردگی اور وی وی پیاٹ کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا۔ 1