لڑکا شادی کیلئے تیار نہ ہوا ‘ لڑکی نے اغوا کروالیا

   

حیدرآباد /23 فروری ( ایجنسیز) شہر میں عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ۔ ایک لڑکی نے شادی کیلئے لڑکے کو اغواء کرلیا ۔ لڑکی نے شادی کی ویب سائیٹ پر ایک نوجوان کی پروفائل دیکھ کر اسے پسند کرلیا اور وہ اس سے شادی کرنا چاہتی تھی ۔ تاہم نوجوان نے انکار کردیا تو لڑکی نے غنڈوں کی مدد سے اس کا اغواء کرلیا۔ نوجوان کو دس دن کمرے میں بند رکھا گیا ۔ بعد میں کسی طرح نوجوان اس چنگل سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا ۔ نوجوان نے پولیس میںاغواء کی شکایت درج کروائی ۔ نوجوان کی شناخت پرناؤ کے طور پر کی گئی جو سافٹ ویر انجینئیر اور ایک ٹی وی چینل میں اینکر بھی ہے ۔ خاتون تریشا نے دو سال قبل شادی کی ویب سائیٹ پر پرناؤ کی پروفائل اور تصویر دیکھی اسے پسند کرلیا ۔ تریشا پروناؤ سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ پرناؤ کے نام سے پروفائل جعلی آئی ڈی سے بنائی گئی تھی ۔ جس کے بعد پرناؤ نے پولیس سے شکایت کی اور تریشا سے شادی سے انکار کردیا ۔ تریشا دو سال تک پرناؤ کا پیچھا کرتی رہی ۔ پرناؤ شادی پر راضی نہ ہوا تو تریشا نے پرناؤ کا اغواء کرلیا ۔ 11 فروری کو پرناؤکا اغواء کرکے کمرہ میں بند کردیا ۔ تاہم وہ 10 دن بعد کسی طرح پولیس تک پہونچ گیا ۔ پولیس تحقیقات میں پتہ چلا کہ تریشا کروڑپتی ہے اور وہ 5 اسٹار کمپنیوں کی ایم ڈی بھی ہے ۔