لکشدیپ کی خوبصورتی کے سامنے دوسرے مقامات پھیکے :مودی

   

کاوارتی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج لکشدیپ کے کاوارتی میں 1150 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا، قوم کو وقف کیا اور ان کا سنگ بنیاد رکھا۔ آج کے ترقیاتی منصوبے ٹیکنالوجی، توانائی، آبی وسائل، صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت طلباء کو لیپ ٹاپ دیئے اور بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کے تحت اسکولی طلباء کو سائیکلیں دیں۔ انہوں نے کسانوں اور ماہی گیرمستفیدین کو پی ایم کسان کریڈٹ کارڈ بھی دئیے ۔اس موقع پر ایک عوامی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ لکشدیپ کی خوبصورتی بیان سے باہر ہے اور اور انہوں نے شہریوں سے ملنے کے لیے اگاتی، بنگارام اور کاوارتی کا دورہ کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ‘‘ اگرچہ لکشدیپ کا جغرافیائی رقبہ چھوٹا ہے ، لیکن لوگوں کے دل سمندر کی طرح گہرے ہیں۔ ’’ وزیراعظم نے دور دراز، سرحدی یا ساحلی اور جزیرہ نما علاقوں کو طویل عرصے تک نظر انداز کئے جانے کا اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہماری حکومت نے اب ایسے علاقوں کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے ‘‘۔ انہوں نے علاقے کے لوگوں کو بنیادی ڈھانچہ ، کنکٹویٹی ، پانی، صحت اور بچوں کی دیکھ بھال سے متعلق منصوبوں کے لیے مبارکباد دی۔مودی نے لکشدیپ کی ترقی کے لیے حکومت کی کوششوں پر روشنی ڈالی اور پی ایم آواس یوجنا (گرامین) کی 100فیصد عمل آوری کے حصول ہر استفادہ کنندہ کو مفت راشن دستیاب کرائے جانے ، پی ایم کسان کریڈٹ کارڈ اور آیوشمان کارڈ کی تقسیم اور ترقی کے علاوہ آیوشمان آروگیہ مندر ہیلتھ اینڈ ویلنس سنٹرکے بارے میں بھی بتایا۔

راجندرشکلا کی گڈکری سے ملاقات
بھوپال: مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ راجندر شکلا نے آج نئی دہلی میں مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔سرکاری اطلاعات کے مطابق نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکلا نے مدھیہ پردیش میں جاری مختلف بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی کاموں پر گڈکری کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی ۔