لیموں کی آسمان کو چھوتی قیمتیں ، ایک درجن 100 روپئے میں

   

حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : لیمو کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں ، سوپر مارکٹس میں ایک درجن لیمو 100 روپئے میں فروخت کئے جارہے ہیں ۔ لیمو کے بیوپاریوں نے قیمتوں میں اس اضافہ کو موسم گرما اور حالیہ غیر موسمی بارش اور تیز ہواؤں سے منسوب کیا ہے جس کی وجہ لیمو کی فصل کو نقصان ہوا ہے ۔ اب 25 کلو گرام لیمو کا تھیلا دارالشفاء اور چادر گھاٹ مارکٹ میں 2500 روپئے اور 3000 روپئے کے درمیان ہراج ہورہا ہے ۔ کم معیار کے لیمو کا تھیلا ہول سیل مارکٹ میں 1500 تا 1800 روپئے تھیلا فروخت ہورہا ہے ۔ ٹریڈرس نے یہ بھی کہا کہ درمیانی آدمی فارمرس کا استحصال کررہے ہیں اور ان سے کم قیمت پر لیمو خرید رہے ہیں اور انہیں دوسری ریاستوں کو بھیج رہے ہیں اور اس طرح فائدہ حاصل کررہے ہیں ۔ چادر گھاٹ میں لیمو کے ایک ٹریڈر محمد سلام نے کہا کہ ’ مقامی درمیانی آدمی کسانوں سے لیمو خرید کر انہیں راست طور پر دہلی کے ٹریڈرس کو فروخت کررہے ہیں جہاں انہیں اچھی قیمت حاصل ہورہی ہے ۔ اس کی وجہ مقامی سپلائز میں کمی ہوگئی ہے ‘ ۔ سوریہ پیٹ ، نکریکل ، نارکٹ پلی ، چٹیالہ اور نلگنڈہ سے جیپ لوڈس میں لیمو شہر میں آتا ہے ایک اور ٹریڈر سید ابراہیم نے کہا کہ وسط اپریل سے سپلائز میں تقریبا نصف کی کمی ہوگئی ہے ۔ 25 کلو گرام کے 1200 تا 1500 تھیلوں کے مقابل اب مارکٹ میں صرف 800 تا 1000 بیاگس ہی آرہے ہیں ۔۔