اب ہیکرز کا خطرہ، کمپنی نے جاری کی وارننگ!
واشنگٹن۔15؍نومبر ( ایجنسیز)مائیکروسافٹ کو ایک بڑے سروس آؤٹیج کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کی وجہ سے مائیکروسافٹ کی کئی سروسز 36 گھنٹوں تک بند رہی تھیں۔ اس دوران مائیکروسافٹ کے صارفین آؤٹ لک، ٹیمز اور کئی آفس ایپس کا استعمال نہیں کر پا رہے تھے۔ اب مائیکروسافٹ نے ایک اہم اطلاع شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہیکرز سروس آؤٹیج کا فائدہ اٹھا کر لوگوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس کے ذریعے وہ صارفین کے لاگ ان پاس ورڈ چرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس میں بینک کھاتوں سے متعلق معلومات بھی شامل ہو سکتی ہیں۔مائیکروسافٹ نے سائبر ہیکرز کی ایک نئی مہم کے حوالے سے معلومات شیئر کی ہیں۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ ہیکرز مائیکروسافٹ کی سروسز بند ہونے کا فائدہ اٹھا کر لوگوں کو خطرناک لنکس والے پیغامات بھیج رہے ہیں اور انہیں کلک کرنے کیلئے کہہ رہے ہیں۔ مائیکروسافٹ تھریٹ انٹیلی جنس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے اور سائبر ٹھگوں کی اس چال کے بارے میں بتایا ہے۔ ہیکرز مائیکروسافٹ کی سروس نوٹیفکیشنز کی نقل کر رہے ہیں۔ ہیکرز معصوم صارفین کو یہ بتا رہے ہیں کہ سروس آؤٹیج کے دوران روکی گئی ای میلز جلد ہی ڈیلیٹ ہو سکتی ہیں۔