مالک کے لاکھوں روپئے لے کر فرار ہونے والا ڈرائیور گرفتار

حیدرآباد ۔ /18 جنوری (سیاست نیوز) مالک کو دھوکہ دے کر لاکھوں روپئے کی نقد رقم لیکر فرار ہونے والے ایک ڈرائیور کو حیات نگر پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 27 سالہ شیخ سید متوطن ضلع نلگنڈہ جو پیشہ سے کار ڈرائیور ہے نے ایک تاجر پی کونڈیا کے پاس ڈرائیور کی نوکری حاصل کی اور وہ گزشتہ 6 ماہ سے ملازمت کررہا تھا ۔ کونڈیا اکثر کاروبار کے سلسلے میں حیدرآباد آیا جایا کرتا تھا اور شیخ سید کو اپنے مالک کے تمام تجارتی تفصیلات سے واقفیت ہوگئی تھی ۔ گزشتہ چند دن قبل شیخ سید نے کونڈیا کو فون پر بات کرتے ہوئے سنا کہ وہ اراضی خریدنے کیلئے 11 لاکھ روپئے حیدرآباد منتقل کررہا ہے ۔ شیخ سید نے اپنے مالک کے پیسوں کا سرقہ کرنے کی نیت سے /7 جنوری کو مریال گوڑہ سے حیدرآباد آنے کے دوران حیات نگر علاقے میں کونڈیا آنکھ کے چیک اپ کیلئے کچھ دیر کیلئے رکا تھا ۔ کار ڈرائیور نے اس کا فائدہ اٹھاکر اپنے مالک کے 11 لاکھ روپئے کی رقم لیکر وہاں سے فرار ہوگیا ۔ پولیس حیات نگر نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور کار ڈرائیور شیخ سید کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضے سے 10 لاکھ 53 ہزار مسروقہ رقم برآمد کرلی ۔

TOPPOPULARRECENT