مجھے نقصان پہنچانے کیلئے نیب آفس بلایا گیا: مریم نواز

,

   

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ انہیں نیب آفس میں بلانے کا مقصد ان کو نقصان پہنچانا تھا، انہیں یا تو جانی نقصان پہنچتا یا سر پر چوٹ ضرور لگتی اور وہ اس وقت ہاسپٹل میں ہوتیں۔منگل کو ماڈل ٹاؤن لاہور میں پارٹی کے سینیئر رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نیب آفس کے باہر ان کی گاڑی پر پتھراؤ کیا گیا جس سے ان کی گاڑی کی فرنٹ سکرین ٹوٹ گئی۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کی گاڑی بلٹ پروف نہ ہوتی تو یہ پتھر ان کے سر پر لگتے اور وہ زخمی ہو جاتیں۔انہوں نے کہا کہ جب وہ نیب آفس پہنچیں تو ان کے نہتے اور پرامن کارکنوں پر پتھراؤ کیا گیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس سے ان کے کئی کارکن زخمی ہوگئے۔مریم نواز نے کہا کہ پولیس کی یونیفارم پہنا کر میرے اور میرے کارکنوں پر پتھراؤ کیا گیا، وہ کارکنوں پر تشدد کی مذمت کرتی ہیں اور اپنے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔