بہتر انتظامات اور رقم کی اجرائی کیلئے صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کی ہدایت
حیدرآباد۔/27 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ماہ محرم کے دوران عاشور خانوں اور مختلف انجمنوں کو تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے 10 لاکھ روپئے کی اجرائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج عہدیداروں کو اس سلسلہ میں ہدایت جاری کی کہ اندرون دو یوم رقم جاری کردیں تاکہ عاشور خانوں میں انتظامات میں سہولت ہو۔ انہوں نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور ہر سال کی طرح اس سال بھی عاشور خانوں کے علاوہ انجمنوں کی جانب سے سبیلوں کے اہتمام پر تعاون کا فیصلہ کیا گیا۔ عاشور خانوں اور سبیلوں کیلئے 10 لاکھ میں سے علحدہ علحدہ رقم منظور کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محرم کے انتظامات کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے 29 اگسٹ کو اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں مختلف محکمہ جات کے عہدیدار حصہ لیں گے۔ اجلاس میں یکم تا 10 محرم انتظامات کے علاوہ یوم عاشور کے جلوس کے موقع پر مختلف محکمہ جات کو ذمہ داریاں الاٹ کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے تحت موجود تمام عاشور خانوں کے انتظامیہ کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ زائرین کیلئے بہتر سے بہتر انتظامات کریں۔ محمد سلیم نے بتایا کہ سنگاریڈی اور پہاڑی شریف کے اطراف کے علاقوں میں اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کے سلسلہ میں متعدد شکایات موصول ہورہی ہیں۔ وہ عہدیداروں کے ساتھ بہت جلد اوقافی جائیدادوں کا معائنہ کریں گے۔ انہوں نے وقف بورڈ کے پروٹیکشن سیکشن اور ٹاسک فورس کو ہدایت دی کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی کرتے ہوئے ناجائز قابضین کے خلاف پولیس میں ایف آئی آر درج کریں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں گٹلہ بیگم پیٹ کی اوقافی اراضی سے متعلق مقدمہ کی سماعت کے دوران وقف بورڈ کے وکیل غیر حاضر رہے جس پر انہیں پابند کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام اسٹینڈنگ کونسلس کو ہدایت دی گئی کہ وہ اوقافی جائیدادوں سے متعلق مقدمات کی موثر پیروی کو یقینی بنائیں کیونکہ اوقافی جائیدادوں کا تحفظ صرف وقف بورڈ کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ ہر مسلمان کا فرض ہے۔ محمد سلیم اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر عبدالحمید نے وقف بورڈ کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے عہدیداروں اور ملازمین کو خصوصی ہدایت دی اور کہا کہ مسائل کے ساتھ رجوع ہونے والے افراد کو مایوس نہ کیا جائے۔