محمد عامر بیمار،ورلڈ کپ میں شرکت غیریقینی

   

لندن ۔14 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر وائرل انفیکشن کا شکار ہوگئے، جس کے باعث ان کی ورلڈکپ اسکواڈ میں شرکت بھی غیر یقینی ہوگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق محمد عامر پاکستان ٹیم کے ہمراہ اس وقت ٹیم کے دورہ انگلینڈ میں موجود ہیں، جہاں انہیں پہلے میچ میں ٹیم کا حصہ بنایا گیا لیکن دوسرے میچ میں انہیں خارج کردیا گیا تھا۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ محمد عامر کو جو انفیکشن لاحق ہوا ہے وہ ممکنہ طور پر ’چکن پوکس‘ ہے۔عامر ٹیم کو چھوڑ کر لندن میں اپنے اہلِ خانہ کے پاس چلے گئے۔ ابھی تک یہ بات بھی سامنے نہیں آئی کہ ان کی بیماری کو ختم ہونے میں مزید کتنا وقت لگے گا، تاہم کرکٹ تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ انہیں ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کرلیا جائے گا۔ اس حوالے سے عبدالغفار نے کہا کہ پی سی بی ذرائع کے مطابق محمد عامر کو اس وقت انگلینڈ کے خلاف ہونے والی سیریز سے بھی باہر نہیں کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ محمد عامر کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈکپ کے عبوری اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا تھا جبکہ امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والی سیریز میں ان کی کارکردگی ورلڈکپ کے حتمی اسکواڈ میں ان کی شمولیت سے مشروط ہوگی۔