مرکزی اسپانسرڈ اسکیمات کیلئے فنڈس کے حصول پر توجہ دینے کی ہدایت

   

چیف سکریٹری سنجے جاجو کا جائزہ اجلاس، مرکزی اسکیمات کی پیشرفت پر بات چیت
حیدرآباد۔ 25 اکتوبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سنجے جاجو نے تمام محکمہ جات کے سکریٹریز کو ہدایت دی ہے کہ مرکزی حکومت کی اسکیمات سے متعلق فنڈس کے حصول کو اولین ترجیح دیں۔ انہوں نے مرکزی اسپانسرڈ اسکیمات کے فنڈس کے حصول کے لئے مرکزی محکمہ جات سے بہتر تال میل اور عاجلانہ اجرائی کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا۔ چیف سکریٹری نے مرکزی اسکیمات پر عمل آوری کے مسئلہ پر سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں اسکیمات پر عمل آوری، بجٹ کے خرچ، مرکز سے فنڈس کی وصولی اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سکریٹری نے تمام متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت دی کہ وہ مرکزی فنڈس کے حصول میں کوئی تاخیر نہ کریں۔ محکمہ جات کے سکریٹریز کو فنڈس کے ضمن میں زیر التواء امور کی عاجلانہ طور پر تکمیل کرنی چاہئے۔ اجلاس میں محکمہ جات، اگریکلچر، پنچایت راج، دیہی ترقی، تعلیم اور اسکالرشپ جیسے موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔ محکمہ جات ہوم رورل واٹر سپلائی، ہاوزنگ، بلدی نظم و نسق، ٹرانسپورٹ، انیمل ہیسبنڈری اور فشریز سے مربوط مرکزی اسپانسرڈ اسکیمات کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مرکزی اسکیمات پر موثر عمل آوری اور زیر التواء فنڈس کے حصول کے اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے محکمہ جات کے سکریٹریز سے کہا کہ وہ اپنے اپنے محکمہ میں زیر التواء امور کا جائزہ لیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ڈیش بورڈ پر مرکزی اسکیمات اور فنڈس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں محکمہ جات کے ایڈیشنل سکریٹریز کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ مرکزی اداروں سے مراسلت کریں۔ انہوں نے اسکیمات پر عمل آوری سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹریز دانا کشور، مہیش دت ایکا، پرنسپل سکریٹریز راہول بوجا، سندیپ کمار سلطانیہ، یوگیتا رانا، احمد ندیم، کرسٹینا چنگٹو، سکریٹریز گورو اپل، سریندر موہن، شروتی اوجھا، ایلمبرتی، لا سکریٹری پاپی ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔ 1؍F