تلنگانہ میں زرعی شعبہ اور دیہی علاقوں کی ترقی میں مرکز سے تعاون کی اپیل
حیدرآباد۔2 ۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان اور مرکزی وزیر دیہی ترقی ڈاکٹر چندر شیکھر سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں کسانوں اور زرعی شعبہ کی ترقی سے متعلق اسکیمات میں مرکز سے تعاون کی درخواست کی۔ ناگیشور راؤ نے کتہ گوڑم ضلع کے تحت علاقوں میں ناریل کی بڑھتی پیداوار کا حوالہ دیا اور کاشتکاروں کی بھلائی کیلئے علحدہ بورڈ کی تشکیل کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں آئیل پام کے کسانوں کے لئے اقل ترین امدادی قیمت 25 ہزار روپئے فی کنٹل مقرر کی جائے۔ انہوں نے ریاست میں حکومت کی جانب سے آئیل پام کی پیداوار کی حوصلہ افزائی سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے گزشتہ دو برسوں میں زرعی شعبہ کو معاشی طور پر مستحکم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی بھلائی اور دیہی ترقی کے شعبہ جات میں مرکزی وزارتوں سے تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں آئیل پام ریسرچ سنٹر کے قیام کیلئے مرکز سے نمائندگی کی گئی ہے۔ انہوں نے زرعی شعبہ کیلئے مرکزی اسکیمات اور خاص طور پر فصلوں کو نقصان سے بچانے سے متعلق اسکیمات کیلئے فنڈس کی اجرائی کی اپیل کی۔ ناگیشور راؤ نے دیہی علاقوں میں ضمانت روزگار اسکیم پر عمل آوری سے واقف کرایا۔1/k