قائدین سے مشاورت‘بھاگیہ لکشمی مندر کے درشن کا پروگرام
حیدرآباد۔27۔ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد بیجے پی نے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 28ڈسمبر کو تلنگانہ کا ایک روزہ دورہ کریں گے اور تاریخی چارمینار کے دامن میں موجود متنازعہ بھاگیہ لکشمی مندر کے درشن کو پروگرام میں شامل کیا ہے ۔امیت شاہ جمعرات کو 3بجے مندر کے درشن کریں گے ۔ قبل ازیں وہ نووٹیل ہوٹل شمس آباد میں پارٹی کے سرکردہ قائدین کے ساتھ تلنگانہ اسمبلی میں بی جے پی مقننہ پارٹی کے لیڈر کے انتخاب کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کریں گے۔ امیت شاہ مجوزہ پارلیمانی انتخابات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے اور لوک سبھا انتخابات کے لئے حکمت عملی کی تیاری کا آغاز کردیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں پارٹی نے اپنے ووٹ شئیر میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے پارلیمانی انتخابات میں 10نشستوں کا نشانہ مقرر کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے اور اس منصوبہ سے ریاستی قائدین امیت شاہ کو واقف کروائیں گے۔ پارٹی کے ریاستی قائدین سے ملاقات اور بھاگیہ لکشمی مندر کے درشن کے بعد امیت شاہ کونگرا کلاں کے لئے روانہ ہوجائیں گے جہاں پارٹی قائدین منڈل صدور کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے انہیں لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی سے واقف کروایا جائے گا۔ شہر کے نواحی علاقہ کونگرا کلاں میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں 1200 منڈل صدور بھارتیہ جنتا پارٹی کے علاوہ پارٹی کے سینیئر قائدین شرکت کریں گے۔ 2