مرکز میں 2024 ء الیکشن کے بعد بی آر ایس کی حکومت ہوگی: کے سی آر

,

   

ہر سال امبیڈکر ایوارڈ کا اعلان ، عوام کا دل جیتنے کی ضرورت، جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد۔14۔اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دعویٰ کیا کہ 2024 ء عام انتخابات کے بعد مرکز میں بی آر ایس برسر اقتدار آئے گی۔ امبیڈکر مجسمہ کی نقاب کشائی کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ ملک بھر سے بی آر ایس کے حق میں جو تائید حاصل ہوئی ہے ، وہ غیر معمولی ہے۔ انہیں یقین ہے کہ 2024 ء عام انتخابات کے بعد مرکز میں بی آر ایس حکومت تشکیل دے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا سے بی آر ایس کے حق میں عوامی تائید کا جذبہ توقع سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش ، بہار اور مغربی بنگال میں بھی بی آر ایس کا استقبال کیا جارہا ہے۔ کے سی آر نے عوام کو یاد دلایا کہ متحدہ آندھراپردیش میں نئی دہلی جاتے ہوئے انہوں نے عہد کیا تھا کہ نئی ریاست تلنگانہ میں وہ قدم رکھیں گے اور اپنے عزم کے مطابق پارلیمنٹ میں علحدہ تلنگانہ بل کی منظوری کے بعد ہی حیدرآباد واپس ہوئے ۔ اس طرح کے بیانات کے لئے غیر معمولی خود اعتمادی کی ضرورت ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ 2024 ء کے بعد مرکز میں بی آر ایس کا اقتدار ہوگا۔ دلت بندھو اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ملک بھر میں دلت بندھو اسکیم متعارف کی جائے گی ۔ ہر سال 25 لاکھ دلت خاندانوں کو اسکیم کے دائرہ میں شامل کیا جائے گا ۔ کے سی آر نے کہا کہ وہ غریب اور عام آدمی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔ آزادی کے 70 سال بعد بھی دلت طبقات دیگر طبقات کے مقابلہ غریب ہیں۔ کے سی آر نے کہا کہ الیکشن میں سیاسی پارٹیوں کی جیت اور ہار نئی بات نہیں لیکن کامیابی اسی وقت ہے جب عوام کا دل جیتیں اور ان کے مفادات کا تحفظ کیا جائے ۔ کے سی آر نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر ایوارڈ کا اعلان کیا جو مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیتوں کو ہر سال دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایوارڈ اسکیم کیلئے 51 کروڑ روپئے ڈپازٹ کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر امبیڈکر کے پوترے پرکاش امبیڈکر مہمان خصوصی تھے۔ کے سی آر نے کہا کہ ملک کو الیکشن جیتنے والی نہیں بلکہ عوام کو جیتنے والی سیاست کی ضرورت ہے ۔ ریاست میں 50 ہزار دلت خاندانوں کو دلت بندھو اسکیم کے دائرہ میں شامل کیا گیا ہے اور مزید 1.25 لاکھ خاندانوں کو شامل کیا جائے گا۔ر